ارکان قومی اسمبلی کا پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالرحیم مندوخیل کو خراج عقیدت

ْ

بدھ 24 مئی 2017 20:30

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2017ء) مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے رکن قومی اسمبلی عبدالرحیم مندوخیل مرحوم کو زبردست الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ہمیشہ جمہوریت اور صوبائی خودمختاری کے لئے جدوجہد کی‘ ہم ان کی وفات پر گہرے دکھ اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور ہمیں ان کی تقلید کرنی چاہیے۔

بدھ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں عبدالرحیم مندوخیل کے انتقال پر تعزیتی ریفرنس پر بات کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ ہمارے بہت ہی سینئر پارلیمنٹرین عبدالرحیم مندوخیل کی جمہوریت اور پارلیمنٹ کے لئے بہت بڑی خدمات تھیں۔ ہمیں ان کی سیاسی زندگی پر کچھ بات کرنی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے زندگی کے آخری لمحے تک جدوجہد کی۔

ان کی زندگی ہمارے لئے مشعل راہ ہے۔ شفقت محمود نے بھی عبدالرحیم مندوخیل کے انتقال پر تعزیت کی اور کہا کہ وہ سینٹ میں بھی ہمارے ساتھی رہے ہیں۔ اللہ تعالیٰ ان کو جوار رحمت میں جگہ عطا فرمائے۔ حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ عبدالرحیم مندوخیل نے جمہوریت اور صوبائی خودمختاری کے لئے گراں قدر خدمات سرانجام دیں۔ آفتاب احمد خان شیرپائو نے کہا کہ عبدالرحیم مندوخیل قوم پرست رہنما اور دانشور تھے۔

ہم انہیں ہمیشہ قدر کی نگاہ سے دیکھتے رہیں گے۔ صاحبزادہ محمد یعقوب نے عبدالرحیم مندوخیل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پورے ایوان کیلئے ان کا انتقال بہت بڑا صدمہ ہے۔ انہوں نے ہمیشہ مثبت سیاست کی ہمیں بھی ان کی تقلید کرنی چاہیے۔ عبدالقہار ودان نے تمام ارکان کی طرف سے عبدالرحیم مندوخیل کو خراج عقیدت پیش کرنے اور افسوس کا اظہار کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پیشے کے لحاظ سے وہ ایک بڑے پائے کے وکیل تھے۔

انہوں نے ہمیشہ محکوم اور مظلوم قوموں کی نمائندگی کی۔ شیخ صلاح الدین نے بھی عبدالرحیم مندوخیل مرحوم کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کے ایصال ثواب اور مغفرت کے لئے دعا کی۔ مولانا امیر زمان نے عبدالرحیم مندوخیل کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اللہ تعالیٰ انہیں جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے۔

متعلقہ عنوان :