آئندہ انتخابات میں دھاندلی روکنے کیلئے الیکشن کمیشن نے وزارت خزانہ سی15 ارب سے زائد کی رقم مانگ لی

فول پروف انتظامات اور جدید ٹیکنالوجی ،20ہزار کے قریب حساس پولنگ سٹیشنوں پرسی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے ،الیکٹرانیک ووٹنگ مشینوں اور بائیو میٹرک ویری فکیشن مشینوں کی خریداری اور تجرباتی بنیادوں پر استعمال کیلئے فنڈز کا استعمال ہوگا، ذرائع الیکشن کمیشن

بدھ 24 مئی 2017 20:06

آئندہ انتخابات میں دھاندلی روکنے کیلئے الیکشن کمیشن نے وزارت خزانہ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2017ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اگلے عام انتخابات میں دھاندلی کے امکانات کو ختم اور الیکشن کی ساکھ بچانے کیلئے وزارت خزانہ سے 15ارب 63کروڑ روپے مانگ لئے ہیں ،الیکشن کمیشن نے وزارت خزانہ کوبھجوائے جانے والے مطالبات زر میں یہ استدلال ظاہر کیا ہے کہ اگلے انتخابات میں دھاندلی روکنے کیلئے فول پروف انتظامات کرنے ہیں جس کیلئے ہمیں جدیدٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہوگاجس کی خریداری پر اربوں روپے خرچ ہونگے اس لئے حکومت ہمیں مذید فنڈز فراہم کرے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ سے اگلے مالی سال کے دوران ممکنہ انتخابات کو شفاف بنانے اور انتخابی نظام پر عوام کا اعتماد بحال کرنے کیلئے حکومت سے 15ارب63 کروڑ روپے مزید طلب کرنے کا فیصلہ کیا ہے ذرائع کے مطابق کمیشن نے اگلے عام انتخابات پر اخراجات کا تخمینہ8 ارب روپے لگایا ہے جبکہ 2013کے عام انتخابات پر 5 ارب روپے کے اخراجات آئے تھے ذرائع کے مطابق اگلے عام انتخابات میں دھاندلی کی روک تھام کیلئی20ہزار کے قریب حساس پولنگ سٹیشنوں پرسی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے اسی طرح الیکٹرانیک ووٹنگ مشینوں اور بائیو میٹرک ویریفیکیشن مشینوں کی خریداری اور تجرباتی بنیادوں پر استعمال کیلئی1آرب30کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ذرائع کے مطابق ملک میں ہونے والی مردم شماری کے بعد اگر انتخابی حلقہ بندیوں کی ضرورت پڑی تو اس پرکیلئے الیکشن کمیشن نے 30کروڑ روپے خرچ ہونے کا تخمینہ لگایا ہے ذرائع کے مطابق انتخابی فہرستوں میں ردوبدل اور نئے ووٹروں کے اندراج سمیت ووٹرز کی تصاویر والی انتخابی فہرستوں کی پرنٹنگ پر 4ارب روپے کے اخراجات آئیں گے ذرائع کے مطابق اگر انتخابات اگلے مالی سال کے دوران ہوئے تو اس کی شفافیت کیلئے رزلٹ مینجمنٹ سسٹم کی تیاری پر 1ارب روپے کے اخراجات آئیں گے جبکہ انتخابات کی مانیٹرنگ پر 10کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ذرائع کے مطابق اگلے عام انتخابات سے قبل الیکشن کمیشن کیلئے گاڑیوں کی خریداری پر 28کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے جس کی منظوری وزیر اعظم پہلے ہی دے چکے ہیں جبکہ ملک بھر میں خواتین ووٹروں کے اندراج اور ووٹرز ایجوکیشن مہم پر 20کروڑ روپے خرچ کئے جائیں گے ذرائع کے مطابق گذشتہ ہفتے کے دوران الیکشن کمیشن کی پلاننگ کمیٹی کے اخری اجلاس میں منظور ہونے والے ان تمام منصوبوں کی چیف الیکشن کمشنر نے منظوری دیدی ہے اور اگلے چند دنوں میں مراسلہ وزارت خزانہ کو بھجوایا جائے گا ۔

۔۔۔۔۔۔۔اعجاز خان