وزیراعلیٰ پنجاب سے ترکی کی معروف تعمیراتی کمپنی کے سربراہ کی ملاقات،مختلف شعبوں میں سرمایہ کی میں اظہار دلچسپی

بدھ 24 مئی 2017 19:45

وزیراعلیٰ پنجاب سے ترکی کی معروف تعمیراتی کمپنی کے سربراہ کی ملاقات،مختلف ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف سے یہاں ترکی کی معروف تعمیراتی کمپنی کے سربراہ محمد سلجوق یوسیفی (Mehmet Seljuk Yucesoy) نے ملاقات کی،جس میںانہوںنے ہاؤسنگ، ہیلتھ سیکٹر اورانفراسٹرکچر کے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہارکیا۔ترک کمپنی کے سربراہ محمد سلجوق یوسیفی نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کیساتھ انفراسٹرکچر کے منصوبوں میں ملکر کام کرنا چاہتے ہیں ۔

ترکی کی تعمیراتی کمپنی کی ٹیم جلد پاکستان کا دورہ کریگی اورپنجاب میں سرمایہ کاری کا جائزہ لے گی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی متعدد کمپنیوں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میںسرمایہ کاری کی ہے ۔ٹرانسپورٹ،صحت،سالڈ ویسٹ اوردیگر شعبوں میں ترک کمپنیوں کا پنجاب حکومت کیساتھ اشتراک موجود ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پنجاب حکومت اورترک کمپنیوں کے باہمی اشتراک سے پاکستان اورترکی میں معاشی تعاون فروغ پا رہاہے۔

پنجاب حکومت صوبے کے سکولوں میں 36ہزار اضافی کلاس رومز کی تعمیرکے پروگرام کو آگے بڑھا رہی ہے ۔ہیلتھ سیکٹر میں بھی متعدد منصوبوں پر کام کیا جارہا ہے جبکہ کم لاگت ہاؤسنگ سکیموں کے پروگرام پر بھی عملدر آمد جاری ہے ۔ترکی کی تعمیراتی کمپنی ان منصوبوں میں سرمایہ کاری کرسکتی ہے اور ہم ترک کمپنی کی انفراسٹرکچرکے منصوبوں میں سرمایہ کاری کا خیر مقدم کریں گے۔ صوبائی وزراء خواجہ سلمان رفیق، خواجہ عمران نذیر ،تنویر اسلم ملک ،سید ہارون احمد سلطان بخاری ،استنبول میں پاکستان کے قونصل جنرل یوسف جنید،متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز اوراعلی حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔