وزیراعلیٰ سے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی گروپ ہیوانگ کے وفد کی ملاقات،چینی وفد کی 1320 میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی مقررہ مدت سے قبل تکمیل پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو مبارکباد ، وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پراجیکٹ کی مقررہ مدت سے قبل تکمیل کیلئے ہر سطح پر بھرپور تعاون فراہم کیا، ہیوانگ وین ونژونگ،22 ماہ میں 1320 میگاواٹ کے منصوبے کی تکمیل سے دنیا اور چین کا اپنا ریکارڈ بھی ٹوٹ گیا ہے،شہبازشریف

بدھ 24 مئی 2017 19:45

وزیراعلیٰ سے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی گروپ ہیوانگ ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف سے یہاں ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی گروپ ہیوانگ (Huaneng) کے نائب صدر وین ونژونگ (Mr. Wang Wenzong) کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے ملاقات کی۔ چینی وفد نے 1320 میگاواٹ کے ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی مقررہ مدت سے قبل تکمیل پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو مبارکباد دی۔

ہیوانگ گروپ کے نائب صدر وین ونزونگ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ولولہ انگیز قیادت میں ساہیوال کول پاور منصوبے کو انتہائی برق رفتاری سے مکمل کیا گیا ہے جو ’’شہباز سپیڈ‘‘ کا عملی نمونہ ہے اور اس منصوبے کی تکمیل میں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ہر سطح پر بھرپور تعاون فراہم کیا ہے اور ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کا دوسرا یونٹ بھی جلد بجلی کی پیداوار شروع کردے گا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے چینی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاک چین تعلقات میں ساہیوال کول پاور پراجیکٹ سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔ 24 گھنٹے بعد وزیراعظم محمد نوازشریف اس قومی منصوبے کا افتتاح کریں گے۔ پوری دنیا میں اتنی پیداواری گنجائش کا منصوبہ اتنے کم عرصے میں مکمل نہیں کیا گیا۔ساہیوال کول پاور پراجیکٹ نے دنیا اور چین کا اپنا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دنیا پاکستان میں شفافیت ترین اور تیز رفتار ترین منصوبے کی تکمیل پر حیران ہے۔22 ماہ کی مدت میں ساہیوال کول پراجیکٹ سے بجلی کا حصول ایک تاریخی کامیابی ہے۔ کول پاور پراجیکٹ سے بجلی کی پیداور شروع ہونے سے پاکستانی قوم کے خواب کو حسین تعبیر ملی ہے، قوم کو اس طرح کی مزید خوشیاں دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 70 سالہ تاریخ میں منصوبے کی ایسی برق رفتاری سے تکمیل کی کوئی مثال نہیں ملتی۔

یہ منصوبہ بجلی بحران کے خاتمے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ چین کے صدر شی جن پنگ نے بیلٹ اینڈ روڈ کا وژن دے کر دنیا میں امن، امید، ترقی و خوشحالی کا پیغا م دیا ہے اور یہ باہمی احترام، اجتماعیت اور ہم آہنگی کا پیغام ہے۔ چینی صدر نے کرپشن کے خاتمے کیلئے تاریخ ساز کام کیا ہے اور میں چینی صدر کے ان اقدامات کا بہت بڑا معترف ہوں۔

چین کے قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن، ہیوانگ شین ڈونگ پاور جنریشن کمپنی کے نائب صدر ڈنگ ژنگو (Mr. Ding Xingwu)، ایگزیکٹو صدر شین ڈونگ رویائی گروپ لی آئینگ(Ms. Li Aiying) ، پارٹی سیکرٹری اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیوانگ شین ڈونگ پاور جنریشن کمپنی لی ژوچنگ (Mr. Li Xhuqing) اور دیگر حکام کے علاوہ چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات، چیئرمین پنجاب پاور ڈویلپمنٹ کمپنی چوہدری عارف سعید، سی پیک کے خصوصی ایلچی ظفرالدین محمود، سیکرٹری توانائی، بیجنگ میں پاکستان کی کمرشل قونصلر ڈاکٹر ارفع اقبال اور اعلیٰ عہدیداران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :