حکومت پنجاب اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے‘رانا ثناء اللہ خاں

وائس چانسلرز کی کارکردگی جانچنے، یونیورسٹیز کے سب کیمپسز کے قیام کیلئے سب کمیٹی تشکیل،کمیٹی 10 روز میں سفارشا ت پیش کرے، شعبہ تعلیم کو کالی بھیڑوں سے پاک کرینگے‘صوبائی وزیر قانون

بدھ 24 مئی 2017 18:03

حکومت پنجاب اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) صوبائی وزیر قانون و پارلیمانی امور رانا ثنا ء اللہ خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہی ہے، پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن طالب علموں کو اعلیٰ اور معیاری تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کرنے کے لیے ضلعی اور تحصیل کی سطح پر جنگی بنیادوں پر کام کرے، وائس چانسلرز کی کارکردگی جانچنے ، حکومتی اورنجی یونیورسٹیز کے سب کیمپسز کے قیام کے حوالے سے منسٹر ہائر ایجوکیشن کی سربراہی میں سب کمیٹی تشکیل ، سب کمیٹی کو 10 روز میں حتمی سفارشات دینے کی ہدایت۔

وہ پنجاب اسمبلی میں صوبے میں اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے سلسلہ میں ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اس موقع پر وزیر ہائر ایجوکیشن رضا علی گیلانی ، چیئر مین ہائر ایجوکیشن کمیشن پنجاب ڈاکٹر نظام الدین اور ڈائریکٹر جنرل ایچ ای سی پنجاب ضیا بتول کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

رانا ثناء اللہ خاں نے کہا کہ تمام یونیورسٹیز اپنی سینئر فیکلٹی ڈیویلپمنٹ پر خصوصی توجہ دیں۔

انھوں نے کہا کہ صوبے میں پی ایچ ڈی سکالرز کی کمی کو پورا کیا جائیگا۔ انھوں نے کہا کہ اس ضمن میں فاسٹ ٹریک پر کام کیا جا رہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ وزیرا علیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف وائس چانسلرز کی تعیناتی میں سخت میرٹ کی پالیسی پر کار بند ہیں۔ انھوں نے پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن کے چیئر مین کو ہدایت کی کہ ضلعی و تحصیل سطح پر سرکاری و نجی یونیورسٹیز کے سب کیمپسز کے قیام کے لیے ایک جامع اور معیاری ورکنگ کریں تاکہ جہاں ضرورت ہو وہا ں حکومت سب کیمپسز قائم کرے۔

انھوں نے کہا کہ سب کیمپسز کے قیام سے ایجوکیشن ریگو لیٹری باڈیز پر ذمہ داری مزید بڑھ جائیگی۔ انھوں نے کہا کہ سب کیمپسز کا معیار تعلیم اتنا اعلیٰ ہونا چاہیے کہ اگر بعد ازاںا نہیں یونیورسٹی کا درجہ دینا پڑے تو وہ اس معیار پر پورا بھی اتر سکیں ۔ وزیر قانون نے کہا کہ ہمیں شعبہ تعلیم میں چھپی کالی بھیڑوں کوبھی ختم کرنا ہوگا جو اپنی دوکانداری چمکانے کے چکر میں اعلیٰ تعلیم سیکڑ کے در پے ہیں۔

قبل ازیں چیئرمین اور ڈائریکٹر جنرل پنجاب ہائر ایجوکیشن کمیشن نے صوبائی وزراء رانا ثنا ء اللہ خاں اور رضا علی گیلانی کو اعلیٰ تعلیم کے فروغ کے حوالے سے ایجوکیشن کمیشن کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات اور اس ضمن میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ رانا ثناء اللہ خاں نے سب کمیٹی کو ہدایت کی کہ وہ مقررہ مدت کے اندر مثبت سفارشات کے ساتھ اپنی رپورٹ اگلے اجلاس میں پیش کرے۔