ایئر پورٹ پر میڈیا کوریج پر پابندی لگانے کیخلاف درخواست پرسول ایوی ایشن کے سینئر افسر کو طلب کر لیا گیا

عدالت کو بتایا جائے ائیرپورٹ پر میڈیا کوریج پر پابندی کیوں عائد ہے‘ لاہور ہائیکورٹ نے سماعت 29مئی تک ملتوی کر دی

بدھ 24 مئی 2017 17:39

ایئر پورٹ پر میڈیا کوریج پر پابندی لگانے کیخلاف درخواست پرسول ایوی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے ایئر پورٹ پر میڈیا کوریج پر پابندی لگانے کے خلاف دائر درخواست پرسول ایوی ایشن کے سینئر افسر کو طلب کر لیا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے سماعت شروع کی تو درخواست گزار اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی جانب سے بتایا گیا کہ معلومات کی فراہمی ہر شہری کا بنیادی حق ہے ،ایئر پورٹ پر میڈیا کوریج پر پابندی آئین اور قانون کی خلاف ورزی ہے،میڈیا کو کوریج سے روکنا آزادی صحافت پر پابندی کے مترادف ہے۔

انتظا میہ نے میڈیا پر ائیر پورٹ کی کوریج پر پابندی عائد کر رکھی ہے،ایئر پورٹ پر کوریج کے لئے ہر بار اجازت لینا پڑتی ہے ۔ لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ ائیر پورٹ پر میڈیا کوریج کی پا بندی کو کالعدم قرار دیا جائے ۔ جس پر فاضل عدالت نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کو بتایا جائے کہ ائیرپورٹ پر میڈیا کوریج پر پابندی کیوں عائد ہے۔ جس کے بعد عدالت نے سول ایوی ایشن کے سینئر افسر کو 29مئی کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی ۔