مستونگ جیسے واقعات سے ہمارامشن اور راستہ تبدیل نہیں ہو سکتا، پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کی عیادت کے لئے آنے والے وفود سے گفتگو

بدھ 24 مئی 2017 17:33

تلہ گنگ/اسلا م آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2017ء) جمعیت علماء اسلام کے مرکزی جنرل سیکرٹری وڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ مستونگ جیسے واقعات سے ہمارامشن اور راستہ تبدیل نہیں ہو سکتا، پاکستان کو امن کا گہوارہ بنانے کے لئے جدوجہد جاری رکھیں گے ۔ وہ بدھ کو عیادت کے لئے آنے والے جے یو آئی (ف) کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پنجاب چوہدری عبدالجبار اور دیگر چکوال ،تلہ گنگ کے ضلعی قائدین سے گفتگو کر رہے تھے ۔

انہوں نے کہا کہ اضاخیل اجتماع سے پوری دنیا کے لیے اور پاکستان میں امن کے لیئے پیغام دیا ملک دشمن طاقتیںپاکستان کے اندر بد امنی کو ہوا دے کر یہاں کے امن کو برباد کرنا چاہتی ہیں ۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ زندگی کا ایک ہی مقصد ہے کہ ملک کے اندر آئینی اور پرامن جدوجہد سے اسلامی نظام کا نفاذ ہو جائے جس کی خاطر اس ملک کو حاصل کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے ساتھ پاکستان سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کی محبت اور دعائیں موجود رہیں انشاء اللہ صحت یاب ہو کر اسلام کی سربلندی کے لئے پھر میدان عمل میں ہوں گا اور جن دوستوں نے میری صحت یابی کے لئے دعائیں کیں میں ان کا مشکور ہوں ، دعا گو ہوں کہ اللہ میرے ساتھ قافلے میں شہید ہونے والوں کی قربانی کو قبول فرمائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اسلام کی سربلندی کے لئے ہمیشہ سے قربانیاں دی جاتی رہی ہیں اسلام کے عملی نفاذ کے لئے جمعیت علماء اسلام میدان عمل میں ہے ، اسلام کی سربلندی کے لئے اگر ایک جان نہیں لاکھوں جانیں بھی دینا پڑیں تو منظور ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس میں کوئی شک نہیں کہ ملک دشمن طاقتیں پاکستان کے اندر بد امنی کو ہوا دے کر یہاں کے امن کو برباد کرنا چاہتے ہیںملک کے اندر حالیہ دہشت گردی کی لہر میں یہی قوتیں ملوث ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کی قیادت اور کارکنوں کے حوصلے بلند ہیں ، ہمارے اوپر قاتلانہ حملے کروا کر ہمیں دین کی اشاعت سے کسی صورت نہیں روکا جا سکتا۔ اس موقع پر دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ سانحہ مستونگ کے شہداء کو جنت الفردوس میں جگہ نصیب فرمائے ،زخمیوں کو جلد از جلد صحت دے اور متاثرہ خاندانوں کو صبر و حوصلہ سے نوازے۔

متعلقہ عنوان :