دشمن کے کسی بھی ایڈونچر کا ایساجواب دیں گے کہ اس کی آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی،ایئرچیف

دشمن کے بیان پر قوم کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں امن پسند قوم کے لئے ہر طرح کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے ۔ جے ایف 17 لڑاکا طیارے قوم کا فخر ہیں،ایئرچیف مارشل سہیل امان

بدھ 24 مئی 2017 15:48

دشمن کے کسی بھی ایڈونچر کا ایساجواب دیں گے کہ اس کی آنے والی نسلیں یاد ..
سکردو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 مئی2017ء)ایئرچیف مارشل سہیل امان نے کہا ہے کہ اگر دشمن نے کسی بھی ایڈونچر کی کوشش کی تو پاک فضائیہ دشمن کو ایسا منہ توڑ جواب دے گی کہ اس کی آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی ۔ دشمن کے بیان پر قوم کو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں امن پسند قوم کے لئے ہر طرح کے چیلنج کا مقابلہ کرنے کی صلاحیت موجود ہے ۔ جے ایف 17 لڑاکا طیارے قوم کا فخر ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار ایئرچیف مارشل سہیل امان نے فارورڈ آپریشنل ایئر بیس پر میڈیا سے بات چیت میں کیا ۔ انہوں نے کہا کہ جے ایف 17 کی اہم بات اس کا خود کفیل ہونا ہے ۔ جے ایف 17 لڑاکا طیارے میں دنیا کی جدید ترین طیاروں کی صلاحیتں موجود ہیں ۔ جس کی وجہ سے ان لڑاکا طیاروں کی پیداوار تین گنا بڑھ چکی ہے ۔

(جاری ہے)

جے ایف 17 لڑاکا طیارے قوم اور پاک فضائیہ کا فخر ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ ضرب عضب یا ردالفساد سمیت جو بھی مشن ہو پاک فضائیہ دہشتگردی سمیت دیگر چیلنجز سے نمٹنے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی سہیل امان نے کہا کہ ہمیں دشمنوں کے منفی بیانات پر رتی بھر بھی پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ۔اگر کسی کی جانب سے کسی ایڈونچر کا سوچا گیا تو یہ اس کی غلط فہمی ہو گی اگر دشمن نے کسی بھی جارحیت کا مظاہرہ کیا تو پاک فضائیہ بھرپور طریقے سے ایسا جواب دے گی کہ اس کی آنے والی نسلیں بھی یاد رکھیں گی جو کہ ہماری ریاست کی دفاعی پالیسی بھی ہے ۔

سہیل امان نے کہا کہ ہم امن پسند قوم ہیں لیکن ہم ہر طرح کے چیلنجز کے لئے تیار ہیں ۔ قوم کو دشمن کے بیانات سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ۔ پاکستان ایئرفورس کے لئے کوئی بھی صورت حال مشکل نہیں ۔ ایک سوال کے جواب میں ایئرچیف مارشل نے کہا کہ ہمارے آپریشنل تیاریوں کے آگے یہ معمول کی بات ہے پاکستان ایئرفورس دنیا کی بہترین ایئرفورس میں سے ہے اور سکردو قادری ایئربیس پر تربیتی مشقیں کی جا رہی ہیں ۔ واضح رہے کہ فارورڈ ایئربیس پر جے ایف 17 لڑاکا طیاروں نے جنگی مشقوں کا بھی مظاہرہ کیا اور جب کہ کچھ روز قبل بھارتی ایئرچیف کی جانب سے بھارتی ایئرفورس کو کہا گیا تھا کہ شاٹ نوٹس پر کارروائی کے لئے تیار رہے ۔