سندھ ہائی کورٹ نے لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ سے متعلق درخواست پر کے الیکٹرک حکام کو طلب کرلیا

5میں سینکڑوں شہری بجلی کی لوڈشیڈنگ سے جاں بحق ہوئے، کیا کے الیکٹرک اب بھی لوگوں کے مرنے کا انتظارکررہی ہے ،جسٹس عرفان سعادت خان

بدھ 24 مئی 2017 16:33

سندھ ہائی کورٹ نے لوڈشیڈنگ اور اووربلنگ سے متعلق درخواست پر کے الیکٹرک ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) سندھ ہائی کورٹ نے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ اوراوور بلنگ سے متعلق درخواستوں پرکے الیکٹرک کے اعلی حکام کو طلب کرلیا ہے۔بدھ کو سندھ ہائیکورٹ میں اووربلنگ اورلوڈ شیڈنگ کے حوالے سے کے الیکٹرک کے خلاف درخواستوں کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران درخواست گزارکے وکیل فیصل صدیقی ایڈووکیٹ نے موقف اختیارکیا کہ شہرمیں لوڈشیڈنگ بڑھ چکی ہے، جس کی وجہ سے عوام کو شدید پریشانی کا سامنا ہے، کے الیکٹرک غیرمنصفانہ لوڈشیڈنگ کررہا ہے، کراچی کے مضافاتی اورغریب علاقوں میں زیادہ لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے، نیپرا قوانین کے مطابق لوڈشیڈنگ کے احکامات جاری کیے جائیں۔

کے الیکٹرک کے وکیل کی جانب سے موقف اختیار کیا گیا کہ جامشورو میں پول گرنے اورگیس کی کمی کی وجہ سے بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ ہورہی ہے، سندھ حکومت بھی گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔

(جاری ہے)

جسٹس عرفان سعادت خان نے کے الیکٹرک کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ پربرہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریمارکس دیئے کہ 2015 میں سیکڑوں شہری بجلی کی لوڈشیڈنگ سے جاں بحق ہوئے، کیا کے الیکٹرک اب بھی لوگوں کے مرنے کا انتظار کررہا ہے، کیا کے الیکٹرک اورنیپرا لوڈشیڈنگ کے جن کو قابو نہیں کرسکتا، بتایا جائے کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ کی روک تھام کیلئے کیا اقدامات کررہی ہے سندھ ہائیکورٹ نے 29 مئی کو کے الیکٹرک کے اعلی حکام کو طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔