پاکستان دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ کسی بھی جارحیت کا ایسا جواب دیا جائے گا جو دشمن کی آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔ہماری فورسز پروفیشنل، مکمل آپریشنل اور ہمیشہ مکمل طور پر تیار ہیں۔قوم کو دشمن کے بیانات سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں-پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان کی سکردو میں جنگی مشقوں کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 24 مئی 2017 15:36

پاکستان دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ ..
 سکردو(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔24مئی۔2017ء) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ پاکستان دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ دشمن کے بیان پر قوم کو ایک فیصد بھی خدشات نہیں ہونے چاہیے۔پاک فضائیہ ملک کی سرحدوں کی حفاظت کے قابل اور دفاع کیلئے مکمل طور پر لیس ہیں۔ دشمن کی جانب سے کسی بھی جارحیت کا ایسا جواب دیا جائے گا جو اس کی آنے والی نسلیں یاد رکھیں گی۔

سکردو میں قادری ایئر بیس پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان ایئر فورس نے ملک میں انسداد دہشت گردی کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔ جے ایف تھنڈر طیاروں کی پیداوار 3 گنا تک بڑھا دی گئی ہے اور انھیں جدید دور کی ضروریات کے مطابق مزید بہتر بنایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ایئرچیف نے کہا کہ جے ایف تھنڈر طیارے پاکستان کا فخر ہیں جس کا مقصد خود انحصاری کا حصول ہے۔

اسکردو میں جنگی طیاروں کی مشقوں کے حوالے سے ایئر چیف نے بتایا کہ یہ معمول کی مشقیں ہیں، ہماری فورسز پروفیشنل، مکمل آپریشنل اور ہمیشہ مکمل طور پر تیار ہیں۔ایک سوال کے جواب میں ایئر چیف مارشل سہیل امان نے کہا کہ اگر دشمن نے جارحیت کی تو ہمارا جواب ان کی نسلیں یاد رکھیں گی، پاک فضائیہ ملکی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر دم تیار ہے۔

انہوں نے کہ ہم امن پسند قوم ہیں لیکن ہم ہر طرح کے چیلنج کے لیے تیار ہیں ،قوم کو دشمن کے بیانات سے پریشان ہونے کی ضرورت نہیں،پی اے ایف کے لیے کوئی بھی صورتحال مشکل نہیں ، ہماری آپریشنل تیاریوں کے آگے یہ معمول کی بات ہے۔ اگر کسی جانب سے کوئی ایڈونچر کا سوچا گیا تو اس کی غلط فہمی ہو گی، پوری طاقت سے جواب ملے گا جو ہمارے ریاست کی دفاعی پالیسی بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قوم کو اعتماد ہونا چاہئے کہ پاک فضائیہ ملکی فضائی سرحدوں کی حفاظت کے لیے ہر دم تیار ہے۔پاک فضائیہ بہترین ایئر فورس ہے،ضرب عضب کے مشن ہوں یا رد الفساد، پاک فضائیہ کا بھر پور کردار ہے۔ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مشقیں موسم گرما کی معمول کی تیاریوں کا حصہ ہیں، پاک فضائیہ کی تیاریاں پورا سال جاری رہتی ہیں، ہمیں اپنی فوج کو بتانے کی ضرورت نہیں، شاید بھارت کو بتانا پڑتا ہوگا۔

ایئرچیف نے کہا کہ ہماری فورسزتجربہ کار اورہمہ وقت آپریشنل رہتی ہیں، ہمیں کسی کی دھمکیوں کو خاطر میں لانے کی ضرورت نہیں، کسی نے مہم جوئی کی تو ہمارا جواب دشمن کی نسلیں یادرکھیں گی، ضرب عضب ہو یا ردالفساد فضائیہ نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا ، جے ایف 17 کی پیداوار 3گنا بڑھا چکے ہیں، جے ایف 17 میں جدید تقاضوں کے مطابق بہتری لائی گئی ہے۔ایئرمارشل سہیل امان نے بتایاکہ ائیر ٹو ائیرری فیولنگ کی صلاحیت تمام جہازوں میں کردی ہے، ضروریات کے مطابق بہتری لارہے ہیں، فضائی نگرانی کیلئے ضروریات کے مطابق مختلف ممالک سے رابطے میں ہیں۔

قبل ازیں ایئر چیف مارشل سہیل امان نے سیاچن محاذ کے قریب فارورڈ آپریشنل ایریا میں میراج طیارہ اڑا کر جنگی مشقوں میں حصہ لیا- یاد رہے کہ بھارتی فضائیہ کے سربراہ نے افسران کو مختصر نوٹس پر آپریشن کیلئے تیار رہنے کا حکم دیا تھا، بھارتی ایئر چیف نے ایئر ڈیفنس ونگ کے 12 ہزار افسران کو خط لکھا جس میں کہا گیا تھا کہ فضائیہ موجودہ سازوسامان کے ساتھ ہی حملے کیلئے تیار رہے، اس تیاری کا ہدف پاکستان ہوسکتا ہے۔

30 مارچ کے دستخط شدہ ان خطوط نے موجودہ سیکیورٹی صورتحال کے حوالے سے کئی قیاس آرائیوں کو جنم دیا جبکہ بھارتی اخبار کے مطابق اس ہدایت کو مقبوضہ کشمیر کے سرحدی علاقوں میں بگڑتی ہوئی صورتحال کے تناظر میں دیکھا جارہا ہے۔ اگرچہ ان خطوط میں کئی دیگر معاملات پر بھی ہدایات جاری کی گئی تھیں تاہم ایئر چیف کی اہلکاروں کو موجودہ وسائل کے ساتھ مختصر نوٹس پر آپریشن کی تیاری کی نصیحت نے سب کی توجہ حاصل کی۔
 

متعلقہ عنوان :