کسٹم کلکٹریٹ ملتان کا97فیصد ریونیو صرف تیل سے حاصل ہورہاہے،سعودعمران احمد

بدھ 24 مئی 2017 15:41

کسٹم کلکٹریٹ ملتان کا97فیصد ریونیو صرف تیل سے حاصل ہورہاہے،سعودعمران ..
ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2017ء) کسٹم کلکٹریٹ کے ریونیو کا97فیصدصرف پارکو ریفائنری میں آ نے والے تیل اور اس کی مصنوعات سے حاصل ہورہا ہے۔کلیکٹرکسٹم سعود عمران احمد نے ایوان تجارت وصنعت ملتان کے ممبران سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پورے جنوبی پنجاب میں صنعتی وتجارتی سرگرمیاں بڑھی ہیں تاہم کسٹم کلکٹریٹ ملتان کوصرف تین فیصد ریونیو ڈرائی پورٹ ودیگر ذرائع سے حاصل ہورہاہے جوکہ قابل غور بات ہے۔

انہوںنے کہاکہ ملتان ڈرائی پورٹ پر کلیئرنس کا سسٹم تیز تر کرنے اور صنعتی وکاروباری سیکٹرز کے تحفظات کو دور کرنے کے لیے جلد ہی ایک لائحہ عمل بنا کر کام شروع کردیں گے، اسی طرح ڈرائی پورٹ پر موجود نیشنل بینک آف پاکستان کی برانچ میں دوشفٹوں میں کام شروع کرانے کے لیے بینک حکام سے بات کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں کلکٹر کسٹم نے کہاکہ پنجاب آنے والی اشیاء پر کراچی پورٹ پر سندھ حکومت اور اسی مال پر پنجاب ریونیو اتھارٹی کی طرف سے ٹیکس وصولی کی شکایت ایف بی آر میں بھی زیربحث آئی ہے تاہم یہ معاملہ وفاق یا ایف بی آر کانہیں پھربھی اس معاملہ پر پنجاب کے صنعتی وتجارتی سیکٹرز کے شدید تحفظات اوراعتراضات سے اعلی حکام کو آگاہ کریں گے۔

قبل ازیں ایوان تجارت و صنعت ملتان کے صدر خو اجہ جلال الدین رومی نے کہاکہ ڈرائی پورٹ ملتان پر کلیئرنس کے لیے آنے والے مال کی ویلیو ایشن کراچی کی نسبت زیادہ بنائی جاتی ہے اسی لیے تاجر ملتان ڈرائی پورٹ سے مال کلیئر کرانا پسند نہیں کرتے۔اسی طرح کراچی میں دس دن کے ا ندر ریبیٹ کاچیک جاری ہوجاتا ہے جبکہ ملتان ڈرائی پورٹ میں پیچیدہ اورطویل طریقہ کار اپنایا جاتا ہے خصوصاً چمڑے کی مصنوعات کے لیے ریبیٹ کی ادائیگی کاطریقہ کارفوری توجہ طلب ہے ،ملتان ڈرائی پورٹ میں چوبیس گھنٹے کلیئرنس کے لیے شفٹوں میں کام شروع کردیا جائے۔

وی بوک سسٹم میں گاڑیوں کی رجسٹریشن کومقامی کلکٹریٹ میں رجسٹر کروانے کوجلد ازجلد ممکن بنایاجائے۔اس موقع پر ایپبوما کے چیئرمین خواجہ یونس ڈرائی پورٹ ملتان ٹرسٹ کے چیئرمین خواجہ فاضل اورایوان تجارت و صنعت ملتان کے سینئر نائب صدر بختاور تنویرشیخ نے بھی خطاب کیا۔

متعلقہ عنوان :