بدھ بھکشو، زائرین کا 34 رکنی وفد سالانہ وساکھ میلہ میں شرکت کے بعد سری لنکا روانہ

پاکستان عالمی میڈیا کی پیش کردہ تصویرکے برعکس ہے، عزت واحترام ، مہمان نوازی پر حکومت ،عوام، میڈیاکے شکرگزارہیں، پروفیسر گلیلی تھیرو

بدھ 24 مئی 2017 15:25

بدھ بھکشو، زائرین کا 34 رکنی وفد سالانہ وساکھ میلہ میں شرکت کے بعد سری ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2017ء) سری لنکاکے بدھ بھکشوںاور زائرین کا 34 رکنی وفد گوتم بدھا کے یوم پیدائش پرسالانہ وساکھ میلہ کے تہوار میں شرکت کے بعد بدھ کو سری لنکا روانہ ہوگیا۔ پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) جے ناتھ سی پی کوٹاگوداگیج اور قومی تاریخ وادبی ورثہ کے حکام نے بے نظیربھٹو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر وفد کو الوداع کیا۔

مشیر وزیراعظم برائے قومی تاریخ وادبی ورثہ عرفان صدیقی کی دعوت پر سری لنکا سے وفد نے وساکھ میلہ میں شرکت کی تھی۔ گوتم بدھا کے یوم پیدائش کی مناسبت سے منعقدہ یہ میلہ 21 سے 24 مئی تک منایاگیاجس کے دوران وفد کے ارکان نے ٹیکسلا میں دھرماراجیکا، صوابی اور تخت بائی میں بدھ مت کے مقدس مقامات کی زیارت کے علاوہ مذہبی رسومات ادا کیں۔

(جاری ہے)

روانگی سے قبل زائرین وفد کے سربراہ اور وائس چانسلر بدھسٹ اینڈ پالی یونیورسٹی سری لنکاپروفیسر گلیلی سوماناسری تھیرو نے کہاکہ حکومت پاکستان ،سری لنکا میں پاکستانی ہائی کمشن اورقومی تاریخ وادبی ورثہ کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے بہترین انتظامات اور سہولیات کے ذریعے ہماری مہمان نوازی کی اور میڈیا کوریج دی۔

ہم جہاں بھی گئے وہاں عوام نے پورے خلوص سے ہماری مہمان نوازی کی۔ انہوں نے کہاکہ دنیا میں پاکستان کا تشخص منفی انداز میں پیش کیاجاتا ہے لیکن پاکستان آکر وہ تمام منفی باتیں جھوٹ ثابت ہوجاتی ہیں۔پاکستان عالمی میڈیا کی پیش کردہ تصویر کے برعکس ہے۔ انہوں نے پاکستانی میڈیا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ میڈیا نے ان کی آمد اور مذہبی رسومات کی ادائیگی کو بھرپور طورپر اجاگرکیا۔

پروفیسر گلیلی تھیرو نے کہاکہ سری لنکا واپس جاکر اپنی حکومت اور عوام کو پاکستان اور اس کے عوام کی مہمان نوازی، گرمجوشی اور اچھے اخلاق کے بارے میں آگاہ کریں گے اور اس کا اصل چہرہ پیش کریں گے۔ یہ تجویز بھی دیں گے کہ دونوں ممالک کے عوام اور میڈیا کے باہمی رابطوں اور دوروں میں اضافہ کیاجائے تاکہ دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے کے مزید قریب آسکیں۔

انہوں نے کہاکہ عالمی میڈیا میں ترقی پذیر اور مخصوص ممالک کو دانستہ ایک خاص رنگ میں پیش کیاجاتا ہے جس کے پس پردہ مخصوص عزائم ہوتے ہیں جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔ وفد میں شامل آتنائکے نے کہاکہ پاکستان میں گزرے لمحات کی حسین یادیں لے کر سری لنکا جارہے ہیں۔ بھکشو خواتین پی دھرماندے، ایم سیلپریگا اور اے سمن اسیلی نے کہاکہ دورے کے دوران بہترین سہولیات فراہم کی گئیں جس پر قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کے حکام کا شکریہ اداکرتے ہیں۔

بدھ بھکشو سومانی نے کہاکہ وہ پہلی بار پاکستان آئے ہیں اور پاکستانیوں کی مہمان نوازی سے بہت متاثر ہوئے ہیں۔ پاکستان میں سری لنکا کے ہائی کمشنر میجر جنرل (ر) جے ناتھ سی پی کوٹاگوداگیج نے زائرین کے وفد کی آمد اور ان کے پاکستان میں قیام کے سلسلے میں انتظامات کو بہترین قرار دیتے ہوئے قومی تاریخ وادبی ورثہ ڈویژن کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے امیدظاہر کی کہ کہ آئندہ سال سے بدھ مت کے ماننے والے دیگر ممالک سے بھی زائرین وساکھ میلہ میں شریک ہوں گے اور اس میلے کے رنگوں میں مزید اضافہ کریں گے۔

متعلقہ عنوان :