پنجاب میں رمضان سہولت بازار کل سے فنکشنل ،پرائس مجسٹریٹس کو ہائی الرٹ کر دیا گیا‘ شمائل احمد خواجہ

9ارب روپے سے زائد کی سبسڈی پر مشتمل تاریخی رمضان پیکیج کے تحت پنجاب کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں ،قصبات میں 318رمضان سہولت بازار اور ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس قائم کر دی گئی ہیں‘ ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب

بدھ 24 مئی 2017 14:21

پنجاب میں رمضان سہولت بازار کل سے فنکشنل ،پرائس مجسٹریٹس کو ہائی الرٹ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی جانب سے صوبے کے عوام کے لیے 9ارب روپے سے زائد کی سبسڈی پر مشتمل تاریخی رمضان پیکج کے تحت پنجاب کے مختلف چھوٹے بڑے شہروں اور قصبات میں 318رمضان سہولت بازار اور ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس قائم کر دی گئی ہیں،یہ رمضان بازار جمعرات 25مئی 2017ء کی صبح سے پوری طرح فنگشنل ہو جائیں گے ،اس کے ساتھ ہی صوبے کے عوام کو ان سستے رمضان بازاروں اور ر ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس سے کھانے پینے اور روزمرہ استعمال کی معیاری اشیاء اوپن مارکیٹ سے ارزاں نرخوں پر خریدنے کی سہولت مل جائے گی۔

رمضان سہولت بازاروں کے اجراء کے موقع پر ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے سول سیکرٹریٹ لاہور میں صوبے کے تما م اضلاع کے انتظامی افسران کے ساتھ ویڈیولنک کانفرنس منعقد کی ۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سول سیکرٹریٹ کمیٹی روم میں لارڈ میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید اور زراعت ، انڈسٹریز ،فوڈ ، بلدیات ، لیبراور دیگر متعلقہ محکموں کے سربراہان نے ویڈیولنک پر ڈپٹی کمشنرز کی جانب سے کیے گیے مختلف استفسار ات کے جواب میں معاملات واضح کیے ۔

ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ ذاتی طور پر روزانہ علی الصبح ہر ضلع کی فروٹ اور سبزی منڈی میں اشیائے خوردنی کی نیلامی کے موقع پر نگرانی کے لیے موجود رہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ صوبے کے ہر شہر اور قصبے میں تعینات پرائس مجسٹریٹس کو ’’ہائی الرٹ ‘‘ کردیںکیونکہ رمضان المبارک کے پورے ماہ مقدس کے دوران روزہ داروں کو ہر طرح کی سہولت فراہم کرنا اور وزیر اعلی پنجاب کے رمضان پیکج پر مکمل عمل درآمد کوہر صورت میں یقینی بنانے کا ٹاسک حکومت پنجاب نے ایک چیلنج کے طور پر قبول کیا ہے ۔

انہوںنے اس یقین کا اظہار کیا کہ اوپن مارکیٹ کے مقابلے میں سستے رمضان بازاروں میں عوام کو معیاری اشیائے خورونوش کی وافر مقدارمیں فراہمی پورے رمصان المبارک کے دوران بلا تعطل جاری رہے گی ۔انہوں نے ہدایت کی کہ ہر رمضان بازار میں محکمہ لیبر پنجاب کی جانب سے نمایاں جگہ پر ’’الیکٹرونک سکیل‘‘ رکھا جائے تاکہ صارفین اگر چاہیں تو اپنی خریدی ہوئی اشیاء کا وزن چیک کرسکیں۔

لارڈمیئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید نے اس موقع پر بتایا کہ لاہور میں اس سال 31روضان سہولت بازار قائم کیے گئے ہیں جہاں عام لوگوں کو فی کلو گرام چینی مارکیٹ ریٹ سے 8روپے کم ریٹ پر ملے گی ، گھی 10روپے فی کلو گرام رعایتی نرخ پر، چکن 10روپے فی کلو گرام اور انڈے فی درجن 5روپے مارکیٹ ریٹ سے کم پر دستیاب ہوںگے۔اوپن مارکیٹ اور رمضان بازاروں میں 10کلو گرام آٹے کا تھیلا 250روپے میں دستیاب ہوگا جب کہ عوام اوپن مارکیٹ میں 20کلوگرام آٹے کا تھیلا 500روپے میں خرید سکیں گے۔

صوبے بھر میں قائم کی گئی 318 ایگریکلچر فیئر پرائس شاپس میں دال چنا ، بیسن ، کیلا،سیب اور کھجور بازار سے 20روپے فی کلو گرام رعایت اور 12دیگر اشیاء ہو ل سیل ریٹ پر دستیاب ہوں گی۔کانفرنس کے دوران ایڈیشنل چیف سیکرٹری پنجاب شمائل احمد خواجہ نے تما م ڈپٹی کمشنرز سے کہا کہ وہ مخیر حضرات کے تعاون سے صوبے بھر میں قائم کیے گیے 2ہزار سے زائد مدنی دسترخوانوں پر بھی خود جا کر غریب روزہ داروں کے ساتھ افطاری کرنے کو ایک اچھی روایت کے طور پر آگے بڑھائیں۔

متعلقہ عنوان :