ا یمرجنسی سروسزکی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت ان شعبوںکی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے،حفیظ الرحمن

بدھ 24 مئی 2017 14:04

ا یمرجنسی سروسزکی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت ان شعبوںکی ترقی ..
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2017ء)وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن کے زیر صدارت ایمرجنسی کونسل ریسکیو1122 کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ڈسٹرک ایمرجنسی بورڈز کے قیام کی منظوری دی گئی۔ ڈسڑکٹ ایمرجنسی بورڈ ضلعی سطح پر ہونگے جس کی سربراہی ڈپٹی کمشنرز کرینگے۔ بورڈ ماہانہ بنیادوں پر اجلاس کریں گے ۔ ایمرجنسی کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا کہ ا یمرجنسی سروسزکی افادیت کو مدنظر رکھتے ہوئے حکومت ان شعبوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ریسکیو1122 کے نمبرز پر جعلی کالز کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔ متعلقہ محکمہ جعلی کالز کرنے والوں کے خلاف باقاعدہ قانونی کاروائی کو یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ریسکیو1122 کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے عوام کا اعتماد قائم رکھنے پر ملازمین کی حوصلہ افزائی کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت نے تمام اداروں میں میرٹ کی بالادستی یقینی بنایا ہے جس کی وجہ سے اداروں کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے ۔

اجلاس میں ریسکیو1122 کے سکیل 16سی18 تک کے ملازمین کی مستقلی کے حوالے سے پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف اورنگزیب ایڈوکیٹ ، ممبر قانون ساز اسمبلی عمران ندیم ، صوبائی سیکرٹری داجلہ ، صوبائی سیکرٹری قانون پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی گئی جو اپنی سفارشات چیف سیکرٹری کو پیش کر یگی۔ اس موقع پر سرکاری ملازمین کی انشورنس کے حوالے سے سنٹرل پالیسی کو جلد حتمی شکل دینے اور دیامیر اور سکردو میں ریسکیو1122 کے دفاتر کے قیام کے لیے متعلقہ محکموں کو ہدایات بھی جاری کی گئی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں ایمرجینسی ٹریننگ کے انعقاد کے لیے اکیڈمی قیام میں لانے کے لیے اقدامات کیے جائینگے ۔ تمام ایمرجینسی اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنانے کے لیے ریسکیو1122 ، فائر بریگیڈ، جی بی ڈی ایم اے اور دیگر متعلقہ اداروں کا مشترکہ سنٹر قائم کیا جائیگا تا کہ یہ ادارے ایک چھتری تلے موثرطریقہ کار کے مطابق کام کرسکیں۔