آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست ہوگا،حافظ حفیظ الرحمن

بدھ 24 مئی 2017 14:04

آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام دوست ہوگا،حافظ حفیظ الرحمن
گلگت۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2017ء) وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ عوامی توقعات کے مطابق اور عوام دوست ہوگا،صوبے کے وسائل میں اضافے کیلئے اقدامات تجویز کئے جائیں گے ،صحت، تعلیم اور یوتھ پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ ان خیالات کااظہار وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے صوبائی سیکرٹری خزانہ کی جانب سے دیئے جانے والے بریفنگ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہاکہ صوبے کا آئندہ مالی سال کا بجٹ تاریخی ہوگا،ترقیاتی بجٹ 9 ارب بڑھ کر17 ارب پر جارہا ہے گلگت بلتستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ 100فیصد ترقیاتی بجٹ استعمال ہوا ہے جس پر تمام ادارے خراج تحسین کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

تمام اداروں نے متعین کردہ اہداف حاصل کرلئے ہیں ترقیاتی بجٹ کے 100 فیصد استعمال کی وجہ سے وفاقی اقتصادی کونسل میں گلگت بلتستان کے بجٹ میں 8 ارب کا اضافہ ہوا۔

وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ گلگت بلتستان میں اب کوئی بھی ترقیاتی منصوبہ التواء کا شکار نہیں ہوگا تمام منصوبے بروقت مکمل ہوں گے، مشرف دور میں گلگت بلتستان کیلئے صرف 2 ارب بجٹ میں اضافہ کیا گیا اور پیپلز پارٹی کے دور میں صرف ڈیڑھ ارب بجٹ کا اضافہ ہوا جبکہ قائد عوام و وزیر اعظم پاکستان محمد نواز شریف کی واحد حکومت ہے جس میں گلگت بلتستان کیلئے بجٹ میں 8 ارب کا اضافہ ہوا،آئندہ مالی سال کا بجٹ عوام کے توقعات کے عین مطابق ہوگا۔ حافظ حفیظ الرحمن نے کہاکہ حکومت ہسپتالوں، سکولوں سمیت تمام شعبوں کی مزید بہتر بنائے گی، پہلی مرتبہ ماسٹر پلان کیلئے بجٹ میں رقم مختص کی جائے گی۔ آئندہ مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے سیمینارز کرائے جائیں گے۔

متعلقہ عنوان :