پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن دشمن نے کوئی مہم جوئی کی تو ایسا منہ توڑ جواب دیں گے جو مدتوں یاد رکھا جائے گا،ایئر چیف مارشل سہیل اما ن

پاک فضائیہ کے سربراہ کا قادری ایئر بیس کادورہ، مشقوں اور عملی تیاریوںکا جائزہ، خود بھی مشقوں میں حصہ لیا اور میراج طیارہ اڑایا

بدھ 24 مئی 2017 13:47

پاکستان امن پسند ملک ہے لیکن دشمن نے کوئی مہم جوئی کی تو ایسا منہ توڑ ..
فارورڈ آپریشنل بیس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2017ء) ۔ 24 مئی پاک فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل سہیل امان نے بدھ کو قادری ایئر بیس کادورہ کیا اور پاک فضائیہ کی مشقوں اور عملی تیاریوںکا جائزہ لیا۔ انہوں نے خود بھی مشقوں میں حصہ لیا اور میراج طیارے کو 20 سے 35 منٹ تک اڑایا جو تقریباً 60 سالہ پرانا جنگی طیارہ ہے۔ ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایئر چیف نے کہاکہ یہ مشقیں پی اے ایف کی معمول کی تربیت کاحصہ ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ پاک فضائیہ مؤثر جنگی صلاحیت کی حامل فورس ہے اور یہ ہمہ وقت اپنی آپریشنل تیاری کو یقینی بناتی ہے۔ ایئر چیف سہیل امان نے کہا کہ پی اے ایف نے گزشتہ اڑھائی برسوں سے نہایت پیشہ وارانہ اندازمیں آپریشن ضرب عضب میں حصہ لے کر دنیا میں خود کو بہترین فورس ثابت کیا ہے جبکہ ضمنی نقصان کا ایک واقعہ بھی پیش نہیں آیا حالانکہ دنیا میں ٹاپ ورلڈ فورسز کی طرف سے اس نوعیت کے کئے جانے والے آپریشنز میں ضمنی نقصانات رپورٹ ہوتے ہیں۔

(جاری ہے)

پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہاکہ پاک فضائیہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تمام آپریشنز کی انجام دہی کے لئے اپنی برادر مسلح افواج کے ساتھ شانہ بشانہ ہے۔ بھارتی ایئر چیف کے حالیہ بیان کے بارے میں سوال کا جواب دیتے ہوئے سہیل امان نے کہاکہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن اگر دشمن نے کوئی مہم جوئی کی تو اس کو ایسا منہ توڑ جواب دیں گے جو مدتوں یاد رکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :