سندھ ہائیکورٹ کا کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر برہمی کا اظہار

2015 میں سیکڑوں شہری بجلی کی لوڈشیڈنگ سے جاں بحق ہوئے، کیا اب بھی کے الیکٹرک لوگوں کے مرنے کا انتظار کررہا ہی ، کیا کے الیکٹرک اور نیپرا لوڈشیڈنگ کے جن کو قابو نہیں کرسکتا ،جسٹس عرفان سادات خان کے ریمارکس

بدھ 24 مئی 2017 13:47

سندھ ہائیکورٹ کا کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر برہمی کا اظہار
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 24 مئی2017ء) سندھ ہائیکورٹ نے کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے 29 مئی تک کے الیکٹرک کے اعلیٰ حکام کو طلب کرلیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں کے الیکٹرک کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈ نگ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی۔ دوران سماعت ایڈووکیٹ فیصل صدیقی نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ نیپرا نے کے الیکٹرک کو غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ سے روکا تھا۔

کے الیکٹرک غیر منصفانہ لوڈشیڈنگ کررہا ہے، کراچی کے مضافاتی علاقوں میں زیادہ لوڈشیدنگ کی جارہی ہے۔ نیپرا قوانین کے مطابق لوڈشیڈنگ قوانین کے احکامات جاری کیے جائیں۔ شہر میں لوڈشیڈنگ بڑھ چکی ہے، شہری کو شدید پریشانی کا سامنا ہے۔عدالت نے کے الیکٹرک سے استفسار کیا کہ بتایا جائے کے الیکٹرک لوڈشیڈنگ کی روک تھام کیلئے کیا اقدامات کر رکھے ہیں۔

(جاری ہے)

غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ دیکھ کر خاموش نہیں بیٹھ سکتے۔جسٹس عرفان سادات خان نے ریمارکس دئیے 2015 میں سیکڑوں شہری بجلی کی لوڈشیڈنگ سے جاں بحق ہوئے۔ کیا اب بھی کے الیکٹرک لوگوں کے مرنے کا انتظار کررہا ہی ۔ کیا کے الیکٹرک اور نیپرا لوڈشیڈنگ کے جن کو قابو نہیں کرسکتا جس پر وکیل کے الیکٹرک نے موقف اختیار کیا کے بجلی لوڈشیڈنگ جامشورو میں پول گرنے اور گیس کی کمی کی وجہ سے ہورہی ہے۔ سندھ حکومت بھی گیس کی لوڈشیڈنگ کے خلاف احتجاج کررہی ہے۔ لوڈشیدنگ کے حوالے سے حکم نامے کو میڈیا پر آنے سے روکا جائے جبکہ کے الیکٹرک کو اس وقت چھ سو سے زائد میگاواٹ بجلی کی کمی کا سامنا ہے۔