سی پیک سے پاک بھارت کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے ،ْ اقوام متحدہ

بدھ 24 مئی 2017 13:40

سی پیک سے پاک بھارت کشیدگی میں اضافہ ہوسکتا ہے ،ْ اقوام متحدہ
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) اقوام متحدہ نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر تشویش کی بات ہے ،ْپاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کی وجہ سے بھارت کے ساتھ کشیدگی میں اضافہ اور سیاسی عدم استحکام پیدا ہوسکتا ہے۔اقوام متحدہ کے اکنامک اینڈ سوشل کمیشن برائے ایشیاء اور پیسفک (ای ایس سی اے پی) کی رپورٹ میں ان خدشات کا اظہار کیا گیا کہ افغانستان میں سیاسی عدم استحکام، ٹرانزٹ کوریڈروز کے ممکنہ فوائد کو کابل اور قندھار کی مرکزی آبادی تک محدود کرسکتا ہے۔

(جاری ہے)

چین کی درخواست پر تیار کی گئی یہ رپورٹ بعنوان دی بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو اینڈ رول آف ای ایس سی اے پی ،ْ بیلٹ اینڈ روڈ منصوبے کے تحت ایشیاء ،ْ یورپ اور افریقا پر مشتمل 6 اکنامک کوریڈورز کا احاطہ کرتی ہے۔رپورٹ کے مطابق سی پیک کے تحت دونوں ممالک کے درمیان تجارت ،ْسرمایہ کاری اور توانائی کے منصوبوں کا مکمل کیا جانا ہے جس سے چین اور اس کے تجارتی پارٹنرز کے لیے سمندری راستے پیدا ہوں گے۔رپورٹ میں کہا گیاکہ سی پیک، چین، پاکستان، ایران، انڈیا، افغانستان اور وسطی ایشیائی ممالک کے درمیان تجارت اور معیشت میں اضافے کا باعث بنے گا۔