وزیر اعظم نواز شریف سے سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے چیئرمین جوزے وینالز کی ملاقات ،ْ اقتصادی صورتحال پر تبادلہ خیال

پاکستان مسلسل اقتصادی ترقی کی بدولت غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے شاندار مواقع پیش کر رہا ہے ،ْوزیر اعظم چیئرمین سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کا پاکستان کے ساتھ تعاون میں مزید اضافے کا اظہار

بدھ 24 مئی 2017 13:38

وزیر اعظم نواز شریف سے سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے چیئرمین جوزے وینالز کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 مئی2017ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلسل اقتصادی ترقی کی بدولت غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے شاندار مواقع پیش کر رہا ہے جبکہ چیئرمین سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک نے پاکستان کے ساتھ تعاون میں مزید اضافے کا اظہار کیا ہے وہ بدھ کو سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے چیئرمین جوزے وینالز سے گفتگو کررہے تھے ،ْسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور منیجنگ ڈائریکٹر (نارتھ) بھی چیئرمین کے ہمراہ تھے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کے بینکاری شعبہ نے وقت گذرنے کے ساتھ متاثر کن اور مستحکم انداز میں کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نمو پر مرکوز پالیسیوں کی بدولت پاکستان کا شمار اب ابھرتی ہوئی منڈیوں میں ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سٹاک مارکیٹ کو 2016ء میں 5 بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی سٹاک مارکیٹس میں شامل کیا گیا اور ہماری موجودہ جی ڈی پی شرح نمو 5.3 فیصد سے زائد ہے۔

وزیراعظم نے چیئرمین سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک کو بتایا کہ ٹھوس سرمایہ جاتی بنیاد، اثاثہ جات و منافع پذیری میں شاندار نمو اور بین الاقوامی معیارات کے ساتھ ہم آہنگی نے پاکستان کے بینکاری کے شعبہ کو سرمایہ کاروں کے لئے خطے میں نہایت مسابقانہ مقام عطا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت توانائی اور بنیادی شعبہ جات میں بڑھتی ہوئی غیر ملکی سرمایہ کاری کے ساتھ پاکستان کی مسلسل اقتصادی ترقی، وسیع تر سرمایہ کاری مواقع پیش کر رہی ہے۔

وزیراعظم نے چیئرمین سٹینڈرڈ بینک کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ اسٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک پاکستان میں سب سے پرانے اور سب سے بڑے بین الاقوامی بینکوں میں سے ایک ہے۔ انہوں نے عالمی معیارات کے مطابق پاکستان میں اسلامی بینکاری سمیت نئی ٹیکنالوجی اور جدید مالیاتی مصنوعات متعارف کرانے کے لئے بینک کے عزم پیہم کو سراہا۔ چیئرمین سٹینڈرڈ چارٹرڈ بینک نے پرتپاک خیرمقدم پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان کے ساتھ تعاون میں مزید اضافے کے عزم کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :