پاک فوج کی 75ویں سالانہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس، جیو سٹریجک انوائرمنٹ‘ آپریشن ردالفساد پر پیشرفت‘ روائتی خطرات سے نمٹنے کے لئے پاک فوج کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی، پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ پر امن تعلقات کا خواہاں ہے لیکن سرحدوں پر کسی بھی قسم کے جارحانہ اقدام کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا‘ جنرل قمر جاوید باجوہ کا خطاب

منگل 23 مئی 2017 22:42

پاک فوج کی 75ویں سالانہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس، جیو سٹریجک انوائرمنٹ‘ ..
راولپنڈی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) پاک فوج کی 75ویں سالانہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو راولپنڈی میں منعقد ہوئی‘ کانفرنس کی صدارت آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کی ،کانفرنس میں تمام جنرل آفیسرز نے شرکت کی،شرکاء کو جیو سٹریجک انوائرمنٹ ‘ آپریشن ردالفساد پر پیشرفت ‘ روائیتی خطرات سے نمٹنے کے لئے پاک فوج کی تیاریوں کے حوالے سے بریفنگ دی گئی ،شرکاء کانفرنس نے آرمی کی سطح پر اٹھائے گئے تمام اقدامات پرمکمل اطمینان کا اظہار کیا اورمادروطن کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے عزم کا اظہار کیا ،پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ پر امن تعلقات کا خواہاں ہے لیکن سرحدوں پر کسی بھی قسم کے جارحانہ اقدام کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا‘انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کی قربانیوں سے ملک میں استحکام آرہا ہے ‘قوم کی قربانیوں سے پاکستان کے حالات معمول پر لائیں گے ۔

(جاری ہے)

مشرق اور مغرب میں پاک فوج کے اگلے مورچوں پر اپنے حالیہ دوروں کا تذکرہ کرتے ہوئے آرمی چیف نے جوانوں کی آپریشنل تیاریوں ‘بلند جذبوں ‘سرحد اور سیز فائر لائن کی خلاف ورزی پر منہ توڑ اور موثر جواب دینے کے عمل کو سراہا ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمسایہ ممالک کے ساتھ پر امن تعلقات کا خواہاں ہے لیکن سرحدوں پر کسی بھی قسم کے جارحانہ اقدام کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا ۔

فارمیشن کانفرنس کے دوران فاٹا کی صورتحال ‘پاک افغان سرحدی امور اور فاٹا اصلاحات کے نفاذ پر غور کیا گیا اور فاٹا کے عوام کی امنگوں کے مطابق اصلاحات کے عمل کا اعادہ کیا گیا ۔کانفرنس میں بلوچستان کی بہتر ہونے والی صورتحال پر بھی غور کیا گیا ۔فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نے عوام کی تائید سے بلوچستان میں استحکام کے لئے بامقصد کوششیں جاری رکھنے کا عزم کیا ۔

پاک چین اقتصادی راہدای پر پیش رفت اور سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا اور زور دیا گیا کہ سی پیک کی سکیورٹی پر توجہ مرکوز رکھی جائے ۔کراچی اور پنجاب سمیت ملک بھر میں جاری آپریشن پائیدار استحکام تک جاری رہے گا ۔شرکاء نے آرمی کی سطح پر اٹھائے گئے تمام اقدامات پرمکمل اطمینان کا اظہار کیا اورمادروطن کی جغرافیائی اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کے عزم کا اظہار کیا ۔