ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر’ ہم ٹی وی ‘چینل کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری ، 30مئی تک جواب داخل کروانے کا حکم

منگل 23 مئی 2017 22:48

ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر’ ہم ٹی وی ‘چینل کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2017ء)پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) نے ’ہم ٹی وی‘ چینل پر 21مئی 2017؁ء کو ٹی وی ڈرامہ ’کتنی گرہیں باقی ہیں‘ کی قسط بعنوان ’صرف دوست‘ میںالیکٹرانک میڈیا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے پر چینل انتظامیہ کو اظہار وجوہ کا نوٹس جاری کیا ہے۔

(جاری ہے)

’ ہم ٹی وی ‘پر مذکورہ بالا مناظر نشر ہونے کے بعد پیمرا کو اِس کے ٹوئٹر اکائونٹ اور کمپلینٹس اینڈ کال سنٹر پر ناظرین کی بڑی تعداد کی طرف سے شکایات موصول ہوئی تھیں ناظرین نے ڈرامہ کے موضوع و مناظر کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے پیمرا سے کاروائی کا مطالبہ کیا تھا۔

ریگولیٹر کی طرف سے جاری کردہ اظہار وجوہ میں ٹی وی چینل انتظامیہ کو سات یوم میں یعنی مورخہ 30مئی 2017؁ء دوپہر 12بجے تک پیمرا کمیٹی کے روبرو پیش ہو کر مذکورہ عمل کی وضاحت کرنے کا حکم دیا گیا ہے دی گئی تاریخ تک جواب نہ ملنے کی صورت میں پیمرا یکطرفہ کاروائی کا مجاز ہوگا۔