رابطہ عالم اسلامی، کویت، مصر اور جاپان کی ڈپٹی چیئرمین سینیٹ پر خودکش حملے کی مذمت ، دینی جماعتوں اور سینیٹ سے اظہار یکجہتی

منگل 23 مئی 2017 22:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2017ء) رابطہ عالم اسلامی اور مسلم ممالک کویت، مصر کے علاوہ جاپان نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری پر خودکش حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے پاکستان کی دینی جماعتوں اور سینیٹ آف پاکستان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے دعا کی گئی ہے اس خواہش کا اظہار کیا گیا ہے کہ مسلم امہ کے استحکام کیلئے دہشت گردی و انتہاپسندی اور اس سے متعلق ہر قسم کی سرگرمیوں کی بیخ کنی ہونی چاہئے۔

ان ممالک نے پاکستان کے عوام کی سلامتی کی بھی دعا کی ہے ۔ تفصیلات کے مطابق ڈپٹی چیئرمین سینیٹ مولانا عبدالغفور حیدری کو رابطہ عالم اسلامی کی قیادت کویت، مصر اور جاپان کی حکومتوں سے جلد صحت یابی کے لئے خطوط موصول ہوئے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے ساتھ رابطہ عالم اسلامی اور متذکرہ حکومتوں نے سانحہ مستونگ کے حوالے سے یکجہتی کا اظہار کیا ہے۔

ان خطوط میں ان ممالک نے دہشت گردی اور انتہاپسندی کے خلاف پاکستان کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان عالم اسلام کا اہم ملک ہے جس کا امن اور سلامتی ہم سب کو عزیز ہے۔ رابطہ عالم اسلامی اور مصر، کویت جاپان کی حکومتوں کی جانب سے اظہار یکجہتی کے یہ خطوط گذشتہ روز اسلام آباد میں ان ممالک کے سفارتخانوں کے نمائندوں کی طرف سے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو پہنچا دیئے گئے ہیں۔

ان خطوط میں کہا گیا ہے کہ وہ مستونگ میں ہونے والی اس دہشت گردی نہ صرف سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں بلکہ ہر قسم کی دہشت گردی کو مسترد کرتے ہیں۔ ہم دوست ملک پاکستان کے استحکام اور سکیورٹی کے لئے کوشاں ہیں۔ ان ممالک نے اس بات سے اتفاق کیا ہے کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لئے تمام بین الاقوامی کوششوں کو تیز ہونا چاہئے۔

سانحہ مستونگ کے متاثرہ خاندانوں کے ساتھ بھی ان ممالک نے یکجہتی کا اظہار کیا ہے اور دہشت گردی کا نشانہ بننے والے معصوم عوام کے لئے دعا کی ہے۔ زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا۔ مصر کی حکومت نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ مسلم امہ کے استحکام کیلئے دہشت گردی و انتہاپسندی اور اس سے متعلق دیگر ہر قسم کی سرگرمیوں کی بیخ کنی ہونی چاہئے۔ ان ممالک نے پاکستان کے عوام کی سلامتی کی بھی دعا کی ہے۔(اع)

متعلقہ عنوان :