آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کی زیرصدارت سالانہ فارمیشن کمانڈرزکانفرنس

جیوسٹریٹجک ماحول ،آپریشن ردالفساد پرپیشرفت ،روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں اورقومی سلامتی سے متعلق دیگرامورپرتفصیلی تبادلہ خیال پڑوسیوں کے ساتھ پائیدار امن کی خواہش کے باوجود سرحدوں پر کسی بھی جارحیت کابھرپورجواب دیاجائے گا،آرمی چیف سیکیورٹی فورسزقانون نافذ کرنیوالے اداروں اور قوم کی ان گنت قربانیوں کے نتیجہ میں حاصل ہونیوالے ماحول کو مزیدمستحکم کیاجائے گا،جنرل قمرجاویدباجوہ کانفرنس کے شرکاء کا فوج کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پرمکمل اطمینان کااظہار ،ملک کی جغرافیائی اورنظریاتی سرحدوں کے دفاع کے عزم کااعادہ

منگل 23 مئی 2017 22:21

آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کی زیرصدارت سالانہ فارمیشن کمانڈرزکانفرنس
راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) آرمی چیف جنرل قمرجاویدباجوہ کی زیرصدارت منعقدہ فارمیشن کمانڈرزکانفرنس میں جیوسٹریٹجک ماحول ،آپریشن ردالفساد پرپیشرفت ،روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں اورقومی سلامتی سے متعلق دیگرامورپرتفصیلی تبادلہ خیال کرتے ہوئے پڑوسی کے ساتھ پائیدارامن کی خواہش کے باوجود سرحدوں پرکسی جارحیت کی صورت میں بھرپورجواب دینے کے عزم کااعادہ کیاہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 75ویں سالانہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس منگل کو جی ایچ کیو میں منعقد ہوئی ۔چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمرجاویدباجوہ نے کانفرنس کی صدارت کی۔فوج کے تمام جنرل آفیسرز نے کانفرنس میں شرکت کی۔کانفرنس کے شرکاء کو جیوسٹریٹجک ماحول ،آپریشن ردالفساد پر پیشرفت ،روایتی خطرات کے خلاف آپریشنل تیاریوں اور قومی سلامتی سے متعلق دیگرامورکے بارے میں بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

آرمی چیف نے کہاکہ سیکیورٹی فورسزقانون نافذ کرنیوالے اداروں اور قوم کی ان گنت قربانیوں کے نتیجہ میں حاصل ہونیوالے ماحول کو مزیدمستحکم کیاجائے گاتاکہ پاکستان میں صورتحال معمول کے مطابق لائی جاسکے۔ آرمی چیف نے مشرقی اور مغربی سرحدوں کے اگلے مورچوں کے اپنے حالیہ دوروں کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فوجیوں کی آپریشنل تیاریوں خاص طورپرحالیہ سیزفائر کی خلاف ورزیوں کے بعد تعینات فوجیوں کے جذبے کو سراہا ۔

انہوں نے کہاکہ پڑوسیوں کے ساتھ ہماری پائیدار امن کی خواہش کے باوجود سرحدوں کے ساتھ کسی بھی قسم کی جارحیت کابھرپورجواب دیاجائے گا۔ کانفرنس کے شرکاء نے فاٹا کی صورتحال ،پاک افغان سرحد کی بہترمینجمنٹ کیلئے حالیہ اقدامات ،فاٹا اصلاحات کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا اور اس عزم کااظہارکیا کہ اصلاحات کوفاٹا کے عوام کی امنگوں کے مطابق یقینی بناناضروری ہے۔

بلوچستان میں بہتر ہوتی ہوئی صورتحال پربھی تبادلہ خیال کیاگیا۔ کانفرنس کے شرکاء نے بلوچستان کے عوام کی حمایت سے صوبے کے استحکام اور ترقی کیلئے بامقصدتعاون جاری رکھنے کے عزم کااعادہ کیا۔اجلاس کے دوران سی پیک پرپیشرفت اورسی پیک منصوبوں کی سیکیورٹی کے حوالے سے امورزیرغورلائے گئے اوراس بات پرزوردیاگیاکہ منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے ماحول کو مزیدمحفوظ بنانے پرتوجہ مرکوز رکھی جائے گی۔

اجلاس کے دوران کراچی آپریشن ،پنجاب اوردیگرعلاقوں میں آپریشن پائیدار استحکام کے حصول تک جاری رکھنے کے عزم کااظہارکیاگیا۔کانفرنس کے شرکاء نے فوج کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات پرمکمل اطمینان کااظہار کرتے ہوئے ملک کی جغرافیائی اورنظریاتی سرحدوں کے دفاع کے عزم کااعادہ کیا۔

متعلقہ عنوان :