پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے مستعفی ہونے تک احتجاجی تحریک جاری رکھنے کا اعلان کردیا

وفاقی حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان کی سعودی کانفرنس اور کلبھوشن یادیوکے معاملے پر دنیا بھرمیں ساکھ متاثر ہوئی ہے، نثار کھوڑو دنیا بھر میںپاکستان کے وقار پر سوالیہ نشان کے ذمہ دارناکام وزیراعظم نوازشریف ہیں، پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 23 مئی 2017 22:14

پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے مستعفی ہونے تک احتجاجی تحریک جاری رکھنے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے وزیراعظم کے مستعفی ہونے تک احتجاجی تحریک جاری رکھنے اور مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت کی ناکامیوںاور جھوٹ کو عوام کے سامنے عیاں کرنے کا اعلان کردیا ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے پاکستان کی سعودی کانفرنس اور کلبھوشن یادیوکے معاملے پر دنیا بھرمیں ساکھ متاثر ہوئی ہے اور دنیا بھر میںپاکستان کے وقار پر سوالیہ نشان کے ذمہ دارناکام وزیراعظم نوازشریف ہیں ۔

ان خیالات کا اظہار انھوںنے منگل کے روز پی پی پی میڈیا سیل بلاول ہائوس میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ نثاراحمد کھوڑو نے کہا کہ ملک کی ناکام خارجہ پالیسی اور ناکام وزیراعظم کی وجہ سے پاکستان آئسولیشن کا شکار ہورہا ہے اور حکومت اپنی کمزوری چھپانے کے لیے سوشل میڈیا کی آواز کو دبانے کی کوششوں میں ہیںاور ایف آئی اے کے ذریعے لوگوں پر چھاپے لگوائے جارہے ہیں جس عمل کی مذمت کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کی وفاقی حکومت آمر جنرل(ر) ضیاء اورجنرل(ر) مشرف کے نقش وقدم اور پالیسی پر چل رہی ہے کیونکہ نواز شریف جنرل ضیاء الحق کے جانشین بننا چاہتے ہیں۔انھوں نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف داغدار ہوچکے ہیں جس وجہ سے دنیا میں پاکستان کو خاطر میں بھی نہیں لایا جارہا ہے اوریہی وجہ ہے کہ سعودی کانفرنس میں وزیراعظم کو بولنے کا موقع ہی نہیں دیا گیا۔

انھوں نے کہا کہ کلبھوشن یادیوکے معاملے پر بھی پاکستان نے اپنا جج عالمی عدالت میں نہ بھیج کر ملک دشمن کی مدد کی ہے ۔انھوں نے کہا کہ سرتاج عزیز کومشیر خارجہ نہیں مانتے کیونکہ اصل وزیر خارجہ وزیراعظم خود ہیں اور وہ دنیا میں پاکستان کا وقار بڑھانے میں ناکام ہوچکے ہیں ۔ایک سوال کے جواب میں انھو ںنے کہا کہ یہ تاثر غلط ہے کہ پیپلز پارٹی نواز شریف پر ہلکا ہاتھ رکھ رہی ہے ہم تو جمہوریت کے حامی ہیں اور اقتدار پر قبضے کے لیے کسی طالع آزماکو نہیں آنے دینگے۔

انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی ملک کے معروضی حالات پر گہری نظر ہے اورن لیگ حکومت کی ناکامیوں اور انکے جھوٹ کو عوام کے سامنے عیاں کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور نواز شریف کے مستعفی ہونے تک پیپلز پارٹی اپنی احتجاجی تحریک جاری رکھے گی۔نثا راحمد کھوڑونے کہا کہ قوم کو پانامہ کے عدالتی فیصلے پر بھی مایوسی ہوئی ہے عدالت کو فیصلے سے پہلے جے آئی ٹی تشکیل دینی چاہیے تھی پھر عدالت وزیر اعظم کے متعلق کھلا فیصلہ سناتی مگر عدالت نے ایسا فیصلہ دیا جس وجہ سے عوام میں ہیجان کی صورتحال ہے۔

ایک سوال کے جواب میں پی پی پی سندھ کے صدر نثاراحمد کھوڑو نے کہا کہ عمران خان نے اپنی گیم خود خراب کی ہے پی ٹی آئی کے ورکر جب مار کھاتے ہیں تو عمران خان بنی گالہ میں پش اپ لگا رہے ہوتے ہیں ۔ماضی میں بلدیاتی انتخابات کے دوران کراچی میں جب پی ٹی آئی کو کچھ دینے کی کوشش کی تو اس وقت وہ لوٹے بن گئے اسلیئے اس مرتبہ پی ٹی آئی کو سندھ سے ایک یو سی بھی ہاتھ نہیں آئی اور اب عمران خان کو سندھ سے لیاقت جتوئی مبارک ہو۔

ایک سوال کے جواب میں نثار کھوڑو نے کہا کہ پیر پگاڑا کی سربراہی میں پی پی مخالف اتحاد وں کی بیٹھک صرف فوٹو سیشن ہے۔پی پی مخالف اتحاد پچاس مرتبہ بنے ہیں تاہم وہ دو ماہ بعد وہ تیتر بیترہوجاتے ہیں۔نئے قومی مالیاتی ایوارڈ کا اجراء نہ ہونے کے متعلق ایک سوال کے جواب میں نثارکھوڑو نے کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے نئے قومی مالیاتی ایوارڈ کا اجراء نہ ہونا بدنیتی ہے وفاقی حکومت نیا قومی مالیاتی ایوارڈ اور صوبوں کو اپنا حق نہیں دینا چاہتی کیونکہ وہ آمروں کی روایتوں کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں ۔

انھوںنے کہا کہ ن لیگ کے پاس ایوان میں دو تہائی اکثریت ہونے کے باوجود بھی نئے قومی مالیاتی ایوارڈ کے اجراء نہ کرنے سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ وفاقی حکومت بھاگ رہی ہے مگر انھیں بھاگنے نہیں دینگے اور اپنے حقوق لے کررہینگے۔اس موقع پر مسلم لیگ ن ، مسلم لیگ ق،ایم کیوایم اورجماعت اسلامی کے مینارٹی ونگزکے متعدد رہنما نے پیپلز پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔پی پی پی سندھ کے صدر نثارکھوڑو اور ایم پی اے لال چند اکرانی نے انھیں پارٹی میں شامل ہونے پر ویلکم کیا۔