آصفہ بھٹو زرداری نے شاہ فیصل کالونی کے صحت مرکز میں پولیو مہم کا افتتاح کردیا

منگل 23 مئی 2017 22:14

آصفہ بھٹو زرداری نے شاہ فیصل کالونی کے صحت مرکز میں پولیو مہم کا افتتاح ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری کی صاحبزادہ اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کی ہمشیرہ آصفہ بھٹو زرداری نے شاہ فیصل کالونی کے صحت مرکز میں پولیو مہم کا افتتاح کیا۔ انہوں نے بچوں کو پولیو کے حفاظتی قطرے پلائے اور ان میں تحائف تقسیم کئے۔ اس موقعے پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم سب کو پولیو مہم کو ترجیح دینی چاہیئے اور میں تمام والدین کو اپیل کرتی ہوں کہ وہ آگے آئیں اور اپنے بچوں کی ویکسینیشن کروائیں۔

پولیوکے خلاف نمایاں کامیابیاں ملیں ہیں لیکن اس کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھنا چایئے۔ آصفہ بھٹو زرداری روٹری سفیر برائے پولیو ہیں، جو اپنی والدہ سابق وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کے پاکستان کو پولیو سے پاک بنانے والے مشن کو پایئہ تکمیل تک پہچانے کے لیئے سرگرمِ عمل ہیں۔

(جاری ہے)

پاکستان نے پولیو کے خاتمے کے لیئے 1990 سے ایک طویل سفر طئے کیا ہے، جہاں پولیو کے ہر سال کئی سئو کیسز ظاہر ہوتے تھے، وہاں رواں برس فقط دو کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں سے سندہ سے ایک بھی نہیں ہے۔

آصفہ بھٹو زرداری نے اس موقعے پر موجود ماوں سے بھی بات چیت کی اور ان کو درپیش مسائل معلوم کیئے اور انہیں نکاسی آب و پینے کے صاف پانی کی عدم موجودگی جیسے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ اس ضمن میں انہوں نے موقعے پر موجود ڈی سی کورنگی کو گذارش کی کہ وہ اپنے طور ان مسائل کو دیکھیں اور حل کریں۔ پولیو مہم 23 مئی سے 27 مئی تک کراچی میں جاری رہے گی، جس کے دوران 6 اضلاع کی 188 یونین کائونسلوں میں پانچ سال سے کم عمر 23 لاکھ بچوں کو پولیوکے حفاظتی قطرے پلائے جائیں گے۔

ٹیکنیکل کوآرڈینیٹر شہناز وزیر علی، ڈی سی کورنگی سید مہدی علی شاہ، کمشنر کراچی فوکل پرسن برائے پولیو ڈاکٹر نصرت، ڈبلیو ایچ او اور یونیسیف کی صوبائی ٹیم کے سربراہان، بی ایم جی ایف کے ٹیکنیکل فوکل پرسن ڈاکٹر احمد علی شیخ، سندہ گورنمنٹ ہسپتال کے ایم ایس اور ڈی ایچ او کورنگی بھی اس موقعے پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :