ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی مانچسٹر دہشتگردی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت

پاکستانی عوام کسی بھی ملک میں دہشتگردی کی تکلیف کو اپنی روح پر محسوس کرتے ہیں ، دہشتگردی پوری انسانیت کیلئے خطرہ ، خاتمہ کیلئے تمام ممالک کو متفقہ حکمت عملی بنانا ہو گی ،طاہر القادری

منگل 23 مئی 2017 21:55

ڈاکٹر محمد طاہر القادری کی مانچسٹر دہشتگردی کی شدید ترین الفاظ میں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2017ء) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہر القادری نے کہا ہے کہ برطانیہ کے شہر مانچسٹر میں ہونیوالی دہشتگردی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت اور بے گناہ شہریوں کی اموات پر دلی افسوس کا اظہار کرتے ہیں۔ غم کی اس گھڑی میں برطانیہ کے عوام سے مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔اسلام آباد میڈیا سیل کے مطابق سربراہ عوامی تحریک نے کہا کہ دہشتگردی ایک عالمی وباء ہے جس کا کسی مذہب اور ملک سے تعلق نہیں ۔

انسانیت کے ان دشمنوں کے خاتمے کیلئے پوری دنیا کو مل کر مقابلہ کرنا ہو گا ۔دہشتگردی پوری انسانیت کیلئے خطرہ ہے اور اس برائی کے خلاف لڑنے کیلئے تمام ممالک کو متفقہ حکمت عملی بنانا ہو گی ،کوئی ایک ملک یا فوج دہشتگردی کی اس لعنت کا مقابلہ نہیں کر سکتی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کی جنگ میں سب سے زیادہ قیمت پاکستان کے عوام نے چکائی اور 60ہزار سے زائد شہادتیں قبول کیں۔

پاکستان کے عوام دنیا کے کسی بھی ملک میں دہشتگردی کا واقعہ ہو تو اس کی تکلیف کو اپنی روح پر محسوس کرتے ہیں ۔ڈاکٹر طاہر القادری نے کہا کہ برطانیہ میں دہشتگردی کے المناک واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہیں ۔پاکستان کے عوام اس دہشتگردی کی اس واقعے کی مذمت کرتے ہیں اور دکھ کی اس گھڑی میں برطانیہ کے عوام سے اظہار یکجہتی کرتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :