نیا مالی سال ترقی، روزگار، تعلیم اور اچھی صحت کا سال ہوگا۔ وزیر اعلی سندھ

منگل 23 مئی 2017 21:36

نیا مالی سال ترقی، روزگار، تعلیم اور اچھی صحت کا سال ہوگا۔ وزیر اعلی ..
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) وزیر اعلی سندھ سید مرا د علی شاہ نے کہا ہے کہ مالی سال 18-2017 کا بجٹ عوام کی امنگوں کے مطابق ہوگا، معاشی سرگرمیوں کے فروغ، روزگار کے نئے مواقعوں کی فراہمی اور غربت میں کمی کے حوالے سے اقدامات، تعلیم، صحت، توانائی اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں پر خصوصی توجہ دی جائے گی، کم وسیلہ اور غریب افراد کی فلاح و بہبود کیلئے موثر اقدامات اٹھائے جائیں گے ، بجٹ عوامی امنگوں کا عکاس ہوگا ، جنوبی سندھ کے عوام کی ترقی و خوشحالی کیلئے گزشتہ سال کی طرح رواں برس بھی زیادہ فنڈز مختص کئے جائیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو وزیر اعلی ہاؤس میں مالی سال 18-2017 کے بجٹ سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں چیف سیکریٹری سندھ رضوان میمن، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات محمد وسیم ، سیکریٹری خزانہ حسن نقوی اور دیگر متعلقہ اعلی افسران نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں آئندہ مالی سال کے بجٹ سے متعلق امور پر تجاویز پر غور کیا گیا۔

اجلاس کے دوران وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ نئے مالی سال کا بجٹ عوام کی امیدوں کے مطابق ہوگا جس میں ترقیاتی شعبے پر خاص توجہ مرکوز ہوگی، نیا مالی سال ترقی، روزگار، تعلیم اور اچھی صحت کا سال ہوگا، حکومت کی کوشش ہوگی کہ اہم منصوبوں کو بروقت مکمل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے لئے نئے مالی سال کے بجٹ میں ایک اور ترقیا تی پیکیج رکھیں گے۔

انہوں نے کہاکہ آئندہ بجٹ میں تعلیم اورصحت کے شعبوں پر توجہ مرکوزکی جائے گی تاکہ عوام کو ان کی دہلیز پر وابستہ سہولیات مہیا کی جا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ توانائی کے بحران کی وجہ سے صنعتی ترقی میں مسائل ہیں، جس کو مدِنظر رکھ کر سندھ حکومت صنعتی ترقی کے لئے توانائی کے خاص پروگرام شروع کرے گی۔ انہوں نے کہا نیا مالی سال کوئلہ، ہوا اور شمسی توانائی کا سال ہوگا، سندھ خوشحال ہوگا اور محکمہ تعلیم میں بہترین اصلاحات لائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کے لئے کچھ اہم منصوبے شروع کئے جائیں گے، سندھ حکومت محکمہ بلدیا ت کو بھی مضبوط کرنے کے لئے اقدامات کرے گی اورنئے مالی سال کے بجٹ میں زراعت کی ترقی کے لئے بھی خصوصی منصوبے متعارف کرائی گی۔

متعلقہ عنوان :