مختلف شعبوں کی لیجنڈز قوم کا عظیم سرمایہ ہیں۔ گورنر سندھ

منگل 23 مئی 2017 21:36

مختلف شعبوں کی لیجنڈز قوم کا عظیم سرمایہ ہیں۔ گورنر سندھ
کراچی ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہا ہے کہ لیجنڈز ملک و قوم کا عظیم سرمایہ ہیں، ماضی کی لیجنڈز کی خدمات پر انہیں ہر ممکن مالی تعاون کی فراہمی کے لئے لیجنڈ ٹرسٹ قائم کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ فنکار ، دانشور، کھلاڑی اور صحافی اپنی بے پناہ صلاحیتیوں سے ملک و قوم کا نام روشن کر رہے ہیں جنہیں سراہا جانا چاہئے تاکہ دیگر کی بھی حوصلہ افزائی ہو اور وہ اس جانب راغب ہو سکیں اس ضمن میں صوبہ میں لیجنڈٹرسٹ فعال کردار ادا کر رہا ہے، ادارہ کے ذریعہ معروف فنکاروں ، دانشوروں ، کھلاڑیوں اور صحافیوں کی کفالت ، مالی مدد ، علاج معالجہ اور ماہانہ وظائف تقسیم کئے جا رہے ہیں جس سے متعلقہ افراد اور ان کے لواحقین کی بھی داد رسی ہو رہی ہے۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے لیجنڈ ٹرسٹ کے سہ ماہی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ لیجنڈ ٹرسٹ کے چیئرمین اور سربراہ بھی ہیں، کو ٹرسٹی شوکت ترین نے لیجنڈ ٹرسٹ کی سرگرمیوں با الخصوص فنکاروں، دانشوروں، کھلاڑیوں اور صحافیوں کو دی جانے والی مالی مدد ، علاج معالجہ اور ماہانہ وظائف سے متعلق تفصیل سے آگاہ کیا۔

لیجنڈ ٹرسٹ کے چیئرمین اور سرپرست محمد زبیر نے کہا کہ لیجنڈ ٹرسٹ کے کام خوش آئند ہیں لیکن ادارہ کے دائرہ کو مزید وسیع کرنے کی ضرورت ہے اس ضمن میں ٹرسٹی تجاویز اور رائے دیں تاکہ ان پر عملدرآمد کرکے ادارہ کو وسعت دی جا سکے اور ساتھ ساتھ ہر شعبہ کے نامور افراد کی ادارہ میں بھرپور شرکت کوبھی یقینی بنایا جائے۔ گورنر سندھ نے کہا کہ ہر شعبہ میں صوبہ سے بے شمار فنکاروں ، دانشوروں، کھلاڑیوں اور صحافیوں نے ملک کا نام پوری دنیا میں روشن کیا لیکن آج وہ مالی مسائل کا شکار ہیں ان کی ملک و قوم کے لئے بے پناہ خدمات کے عوض انہیں بھرپور طریقہ سے مالی مدد اور علاج معالجہ کی سہولیات فراہم کرنا لیجنڈ ٹرسٹ کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے فنکار، کھلاڑی ، دانشور اور صحافی خداداد صلاحیتوں کے مالک ہیں آج کی نوجوان نسل ان عظیم لیجنڈز کو اپنا آئیڈیل تصور کرتے ہوئے ان کی صلاحیتوں سے استفادہ کر رہے ہیں، ادارہ سے منسلک محنتی اور وژنری افراد نے ثابت کردیا ہے کہ وہ اپنے ماضی کے عظیم لیجنڈز کے لئے بہت کچھ کرنا چاہتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :