نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملک کی خدمت کریں،سید رضا علی گیلانی

منگل 23 مئی 2017 21:36

نوجوان اعلیٰ تعلیم حاصل کرکے ملک کی خدمت کریں،سید رضا علی گیلانی
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) وہ وقت دور نہیں کہ پاکستان پوری دنیا پر حکومت کرے گا۔نوجوانوں کو پیغام دینا چاہتا ہوں کہ پور ی لگن سے اعلیٰ تعلیم حاصل کریں اور پھر وطن عزیز کی خدمت کا حق ادا کریں۔ دنیا کے بہت سے ممالک میں جانے کا اتفاق ہوا، وہیں تعلیم بھی حاصل کی لیکن سچ یہ ہے کہ پاکستان جیسا ملک کہیں نہیں ہے۔ہم آج جو کچھ بھی ہیں اپنے وطن کی وجہ سے ہیں۔

دنیا ہماری اسی وقت عزت کرے گی جب ہم اپنی عزت کرائیں گے۔ ان خیالات کا اظہارصوبائی وزیر ہائر ایجوکیشن سیدرضاعلی گیلانی نے سکول آف میڈیا اینڈ کمیونیکیشن سٹڈیز یونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب میں یونیورسٹی کے ’’ایف ایم 92.6‘‘ کی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ ہم اس ملک کی ترقی کا حصہ ہیں ہمیں چاہیے کہ دنیا بھر سے سیکھ کر اپنے ملک کی خدمت کریں۔

سید رضا علی گیلانی نے طلباء کو نصیحت کرتے ہوئے کہاکہ اپنے ملک کی ہر چیز سے پیار کریں اللہ آپ سے پیار کرے گا۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ اعلیٰ تعلیم کا فروغ حکومت پنجاب کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور نوجوانوں کی فلاح کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں انہیں سنوار کر ہم اپنا مستقبل اور پاکستان کو سنوار رہے ہیں۔

اس موقع پہ خطاب کرتے ہوئے یوسی پی کے پروریکٹر پروفیسر ڈاکٹرمحمد ظفراللہ کا کہنا تھایونیورسٹی آف سنٹرل پنجاب اعلی تعلیم کے فروغ کیلئے کوشاں ہے سکول آف میڈیا نے بہت کم عرصے میں اپنی اہمیت منوائی ہے یہاں تمام جدید سہولیات موجود ہیں اور انڈر گریجوایٹ سے لے کر پی ایچ ڈی کی سطح کی تعلیم دی جا رہی ہے۔قبل ازیں یونیورسٹی ایف ایم کی سالگرہ کی تقریب میںلاہور کی مختلف جامعات کے شعبہ ابلاغیات کے سربراہان، ایف ایم ریڈیو کے آر جیز، مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور طلباء کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔