وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے گورنر سندھ محمد زبیر کی ملاقات ،صوبہ سندھ میں جاری ترقیاتی کاموں اور کراچی میں قیام امن کے لئے جاری آپریشن پر تبادلہ خیال کیا گیا

منگل 23 مئی 2017 22:58

وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے گورنر سندھ محمد زبیر کی ملاقات ،صوبہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے گورنر سندھ محمد زبیر نے ملاقات کی اور صوبہ سندھ میں جاری ترقیاتی کاموں اور کراچی میں قیام امن کے لئے جاری آپریشن پر تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر وفاق کے فنڈز سے شروع منصوبوں سے متعلق امور بھی زیر بحث لائے گئے۔ دونوں رہنمائوں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ کراچی آپریشن نے شہر کی سماجی و اقتصادی سرگرمیوں پر انتہائی مثبت اثرات مرتب کئے ہیں اور اس سے عوام کا اعتماد مکمل طور پر بحال ہوا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر وفاقی وزیر اسحاق ڈار نے کراچی کے عوام کے لئے شہری سہولیات کی بہتری کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ گزشتہ چار سالوں کے دوران وفاقی سطح پر ریونیو وصولی میں بہتری کے نتیجے میں صوبوں کو فنڈز کی منتقلی بھی بڑھی ہے جس کے نتیجے میں صوبوں کے مالیاتی وسائل میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے صوبہ سندھ میں اقتصادی ترقی کے لئے کوششوں میں مکمل معاونت فراہم کی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کے لئے بجٹ بڑھائے گی اور سندھ سمیت تمام صوبے اس اضافے سے ترقیاتی سرگرمیوں اور عوامی فلاح و بہبود کی صورت میں استفادہ کریں گے۔