آنے والا بجٹ عوام دوست اورمتوازن بجٹ ہوگا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

منگل 23 مئی 2017 23:39

آنے والا بجٹ عوام دوست اورمتوازن بجٹ ہوگا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا
نوشہرہ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک نے کہا ہے کہ آنے والا بجٹ عوام دوست اورمتوازن بجٹ ہوگا جس میں تعلیم اور صحت کے بجٹ میں خاطر خواہ اضافہ دیکھنے میں آئے گا جو قوم کو بنانے کیلئے ناگزیر ہیں، ہم صوبے کے زیادہ وسائل غریب عوام پر خرچ کریں گے تاکہ غریب کے حالت زندگی بہتر ہوں، میرٹ اور انصاف پر مبنی معاشرہ قائم ہو۔

ہم بجٹ میں عوام پرمزید ٹیکسوں کا بوجھ نہیں ڈالیں گے۔ وہ نوشہرہ کے گائوں خورد خٹ کلے میں مقامی عمائدین امین اللہ خان اورکچکول خا ن کے استقبالیہ اور تنگی خٹک میں غفار خان خٹک کے عشائیہ کی تقاریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ پرویز خٹک نے کہا کہ وہ عوام کے ووٹ کی طاقت سے وزیر اعلیٰ بنے ہیں اور انہیں نوشہرہ کے عوام پر فخر ہے کہ انہوں نے ہمیشہ اُن پر اور اُنکے خاندان پر اعتماد کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیا صوبائی بجٹ 2017-18 عوام دوست بجٹ ہوگا۔ پہلے بھی صوبے کے وسائل شفاف اور یکساں تقسیم کئے ہیں اور آنے والے بجٹ میں بھی تمام وسائل کی تقسیم صوبے میں منصفانہ طریقے سے کریں گے اور ترقی کے ثمرات صوبے کے کونے کونے تک پہنچائیں گے۔صوبائی حکومت میرٹ اور انصاف کے ایک نکاتی ایجنڈے پر من و عن عمل کررہی ہے۔ صوبائی حکومت کی بہتر پالیسیوں سے متاثرہوکر نہ صرف چین اور ملائشیا بلکہ کئی دیگر ممالک صوبے میں صنعت وتجارت سمیت کئی شعبوں میں سرمایہ کاری کے خواہشمند ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہمری بہتر پالیسیوں کی بدولت صوبے میں صنعتی اور زرعی انقلا ب برپا ہوگا اور عوام کو روزگار کے مواقعے ملیں گے۔انہوں نے کہا کہ سی پیک خیبرپختونخوا کی ترقی اور خوشحالی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ چین کے ساتھ ہونے معاہدوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے چینی سرمایہ کار خیبرپختونخوا آنا شروع ہوگئے ہیںجس سے صوبے میں 30 بلین ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری ہوگی۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ملک اور خیبرپختونخوا میں توانائی بحران کے خاتمے کی طرف ماضی کی وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے کوئی توجہ نہیں دی حالانکہ خیبرپختونخوا کے دریائوں میں دستیاب وافرپانی سے سستی بجلی پیدا کی جاسکتی ہے اور بیس ہزار میگا واٹ سے زائد سستی بجلی خیبرپختونخوا میں پیدا کرنے کی گنجائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے چین کے ساتھ پانی سے سستی بجلی پیدا کرنے کے لیے انیس سو میگا واٹ بجلی کی تیاری کا معاہد ہ کیا ہے جبکہ صوبائی حکومت مزید سستی بجلی پیدا کرنے کے کئی منصوبوں پر ازخود بھی کام کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ماضی کی حکومتوں نے عوام کے سروں کا سوداکیا ۔ عوام سے ووٹ لیکر عوام کا پوچھا تک نہیں ۔ اے این پی نے سابقہ دور میں حکومت نہیں بلکہ اتوار بازار قائم کیا ہوا تھا۔ ٹھیکوں پر کمیشن لیا جاتا اورتقرریوں اور تبادلوں کی قیمتیں وصول کی جاتی تھیں۔ غریب عوام در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور تھے۔ انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن سے پوچھا جائے کہ اس نے اپنے دور حکومت میں اسلا م کی کتنی خدمت کی ہے۔

یہ خیبرپختونخوا کی صوبائی حکومت ہے جس نے تعلیمی اداروں میں ناظر ہ قرآن کے ساتھ ساتھ باترجمہ قرآن کی تعلیم لازمی قرار دی۔ مولانا فضل الرحمن کو اقتدار کے سوا کچھ نظر نہیں آتا، آصف زرداری کا دورہ خیبرپختونخوا بالکل ناکام رہا۔ خیبرپختونخوا کے دورے سے ان کو اپنی حیثیت کااندازہ لگ چکا ہے۔ عوام باشعور ہیں اور وہ تبدیلی چاہتے ہیں۔

وزیراعلیٰ نے کہاکہ بجٹ میں سرکاری ملازمین کو ریلیف دیا جائے گا۔ اب تک 45 ہزار اساتذہ این ٹی ایس کے ذریعے میرٹ پر بھر تی کئے گئے ہیںجبکہ سکولوں میں فرنیچر کی فراہمی، اضافی کمروں اور چاردیواری کی تعمیر پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ اب اساتذہ سکولوںاور ڈاکٹر ہسپتالوں میں باقاعدہ حاضری دے رہے ہیں۔ نئے تعلیمی نصاب سے غریب کا بچہ بھی امیر کے بچوں کے مقابلے کے قابل بن جائے گا۔

پرویز خٹک نے کہا کہ ہمارا صوبہ طرز حکمرانی میں دیگر تمام صوبوں سے بہترہے اور یہی وجہ ہے کہ دوسرے صوبے خیبرپختونخوا کی تقلید کررہے ہیں۔ یہاں کسی چیز کی کمی نہیں اگر کمی ہے تو صرف ایماندار قیادت کی ہے اور وہ صرف عمران خان ہی ہیں سیاسی لوگ مجرم ہیں جنہوں نے اداروں پر سیاست کی۔واحد تحریک انصاف ہے جس کو غریب عوام کا غم اورملک کی فکر ہے۔

متعلقہ عنوان :