خصوصی افراد میں امدادسامان کی تقسیم میں تیزی لائی جائے، محمدعاصم خان

منگل 23 مئی 2017 23:28

پشاور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء)ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان نے خصوصی بچوں کیلئے قائم سکول میں صوبائی حکومت کی جانب سے تین سو خصوصی افراد میں پانچ ہزار روپے کی15 لاکھ روپے کے چیک تقسیم کئے‘ اس موقع پر ڈی او سوشل ویلفئیر یونس آفریدی ‘ سوشل ویلفئیر کمیٹی کے چیئرمین وڈسٹرکٹ ممبر رضا محمدخان اوردیگر افراد بھی انکے ہمراہ تھے ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلع ناظم پشاورمحمدعاصم خان نے کہاکہ صوبائی اور ضلعی حکومتیں خصوصی افراد کی بحالی ،انکی دیکھ بھال ‘علاج ‘ تعلیم وتربیت اورانکومعاشرے کا مفید شہری بنانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لارہی ہے اور ضلعی حکومت نے مالی سال 2016-17 کے سالانہ بجٹ میں خصوصی افراد کے لئے خطیر رقم مختص کی اس مقصد کیلئے خصوصی افراد کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپے کی لاگت سے ویل چیئرز ‘ ٹرائی سائیکل اور دیگر سامان خریداگیا ہے جس کی یونین کونسل کی سطح پر تقسیم جاری ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے سوشل ویلفئیر کمیٹی کے چیئرمین ڈسٹرکٹ ممبر رضا محمد خان اور ڈ ی او سوشل ویلفئیر کواحکامات جاری کئے کہ یونین کونسل کی سطح پر خصوصی افراد کیلئے خریدا گیا سامان کی تقسیم میں تیزی لائی جائے اور سامان کی تقسیم میںشفافیت کو برقرار رکھی جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں خصوصی افراد کیلئے پہلے سے زیادہ رقم مختص کی جائیگی ۔