دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں خیبر رائفلز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، بریگیڈئرقاضی وسیم الدین

منگل 23 مئی 2017 23:28

لنڈی کوتل۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء)خیبر ایجنسی میں دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے میں خیبر رائفلز کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں، اس مایہ ناز یونٹ نے پاک بھارت معرکوں میں اپنی بہادری کا لوہا منوایا ہے، راہ راست، راہ نجات ، دراغلم ،کرمنہ اور لنڈ ی کوتل آپریشنز میں خیبر رائفلز نے دیرپا امن قائم کیا، قبائلی عوام کی جان و مال اور عزت کی حفاظت کرنا ہمارا اولین مقصد ہے ۔

یہ جنگ شدت پسندوں اور ظالموں کے خلاف ہے، یہ جنگ اصول اور بے اصولی کی جنگ ہے، ظلم اور جبر کو انصاف کا نام دینے والے شکست خوردہ ہوں گے۔ ان خیالات کا اظہار 23rdبریگیڈکے بریگیڈیئرقاضی وسیم الدین نے لنڈ ی کو تل فوجی چھاونی میں خیبر رائفلز کے 24ویں بیچ پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب کے دوران کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خیبر رائفلز کے کمانڈنٹ کرنل عمر فاروق، کیپٹن اسد، اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ نیاز محمد،اسسٹنٹ پولیٹکل ایجنٹ جمرود ضیا الرحمن مروت، تحصیلدار جمرود شکیل برکی، تحصیلدار ارشاد خان مہمند، تحصیلدار شمس الاسلام لائن آفیسر جمشید کے علاوہ بڑی تعداد میں قبائلی مشران، ملکان اور طلبا بھی موجود تھے۔

خیبر رائفلز کے 365ریکروٹس نے اس پاسنگ اوٹ پریڈ میں ملک کی بری فضائی اور بحری حفاظت کرنے کا حلف اٹھایا۔ تقریب سے بریگیڈیئر قاضی وسیم الدین نے کہا کہ خیبر رائفلز ایک تاریخ ساز فورس کے مجاہد ہیں جس کا ماضی اور حال بہادری و شجاعت کے کارناموں بھرا پڑا ہے اور مستقبل بھی انشا ء اللہ تابناک ہے۔ خیبر رائفلز کے پیشروں نے جرات اور بہادری کی عظیم روایات کی تابناک مثالیں موجود ہیں جن کی بہادری بے مثال عزم و ہمت اپ کے لئے مشعل راہ ہے بریگیڈیئر نے خیبر رائفلز کے جوانوں پر واضح کیا کہ اس جنگ کی نظریاتی اساس سے ضرور واقفیت حاصل ہو جس کا آپ حصہ بننے جا رہے ہیں، یہ جنگ اصولی اور بے اصولی کی جنگ ہے، یہ جنگ اسلامی معاشرے کے نظم باہمی کو تباہ کرنے والوں اور اسکے محافظوں کے بیچ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارا اولین مقصد قبائیلی علاقوں میں جان و مال اور عزت و آبرو کی حفاظت کرنا ہے، خیبر رائفلز کے جوان تمام مشکلات و مصائب کا سا منا کر کے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بننا ہو گا، خیبر رائفلز کی بہادری و شجاعت کے کا رنامے روزروشن کی طرح سب پر عیاں ہے۔ پاک بھارت معرکوں میں خیبر رائفلز کی بہادری کی داستا نیں آج بھی زبان عام ہے، راہ راست ،راہ نجات ،درغلم، کرمنہ اور لنڈ ی کو تل اپریشنز میں خیبر رئفلز کے جوانوں نے عظیم قربانیاں دے کر کے ملک کی آبیاری اپنے خون سے کیا اور دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیئے۔

انہوں نے امید ظاہر کی خیبر رائفلز کے نوجوانان فرنٹیئر کو ر کی روشن روایات کی پاسداری کرینگے اور ملک کی عزت اور وقار کی خاطر اپنی جانوں تک قربان کرنے سے دریغ نہیں کرینگے۔ آخر میں مہمان خصو صی بریگیڈیئر قاضی وسیم الدین نے جسمانی تربیت میں فضل محمود ،ٹیکٹس میں مبین خان آفریدی کو پہلی پوزیشن حا صل کرنے پر اسالٹ کورس میں بہتر کاکردگی پر نظیر رحمان شینواری ،آل بیسٹ شوٹراحسان اللہ اورکزئی ،چمپئن کمپنی الفا کمپنی کی ٹرافی راشید اقبال خٹک ،انسپیکٹر جنرل فرنٹیئر کو ر کی اعزازی چھڑی حا صل کرنے پر شیر نواب شلمانی اور مختلف شعبوں میں اعلیٰ کار کردگی پر اعزازی شمشیر پر عبا س علی شینواری کوایوارڈ دیئے ۔