حکومت بجٹ میں مزدورطبقات کیلئے خاص ریلیف فراہم کرے۔ذکراللہ مجاہد

منگل 23 مئی 2017 23:24

حکومت بجٹ میں مزدورطبقات کیلئے خاص ریلیف فراہم کرے۔ذکراللہ مجاہد
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2017ء) امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا ہے کہ مزدور طبقات کا استحصال قابل مذمت ہے ۔ حکومت بجٹ میں مزدور طبقات کیلئے خاص ریلیف فراہم کرے ۔ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز انہوںنے دفتر جماعت اسلامی لاہور میں نان روٹی ایسوسی ایشن کے وفدسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں سیکرٹری سیاسی کمیٹی جماعت اسلامی لاہور چوہدری محمود الاحد ، صدر الخدمت فائونڈیشن لاہور عبدالعزیز عابد ، متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن لاہور کے مرکزی صدرآفتاب اسلم گل ، میرداد خان ، قمر شہباز ، نائب صدر نان روٹی محمد و حید عباسی ، ملک لیاقت و دیگر نان روٹی ایسوسی ایشن کے عہدیداران نے شرکت کی ۔

نان روٹی ایسوسی ایشن کے صدر آفتاب گل اسلم نے کہاکہ لاہور بھر کے ہر ٹائون میں ہمارے نمائندے اور ایک ہزار سے زائد تندور ہیں ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ آٹا ، گیس ، لکڑی ودیگر اخراجات اتنی مہنگی ہو گئی ہیں کہ سستی روٹی فراہم کرنا ممکن نہیں رہا اور حکومت نے ان مزدوروں کیلئے کچھ نہیں کیا ۔ افسران ہمیں ڈی گریٹ کرتے ہیں ہم اپنے بچوں کیلئے رزق حلال کما رہے ہیں ۔

اس موقع پر امیر جماعت اسلامی لاہور ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ حکمرانوں کی سٹیل ملز منافع میں جبکہ حکومت کی سٹیل ملز دن بدن خسارے میں جارہی ہے ۔حکمرانوں نے تمام اشیاء پر ٹیکس لگا دیئے ہیں جس کی وجہ سے اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں کئی گناہ اضافہ ہو رہا ہے ۔ رمضان المبارک سے قبل ہی سبزیوں ، مصالحہ جات ، دالوں ، پھولوں اور دیگر اشیاء کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو گیا ہے ۔

اس موقع پر مشترکہ طور پر حکومت سے مطالبہ کیا گیا کہ نان روٹی اور خمیری روٹی کی قیمت اور وزن ایک جیسا ہی مقرر کیا جانا چاہیے ، ایندھن، گیس اور دیگر اشیاء پر سبسڈی دی جائے ۔ تندوروں پر کم ازکم 50روپے فی تھیلہ بھی سبسڈی دی جائے ۔تندوروں پر مجسٹریٹ کے چھاپوں کو کمائی کا ذریعہ بنانے کی بجائے روٹی کے معیار اور مقدار کو بہتربنانے کی کوشش کی جائے ،رشوت اور دیگر معاملات میں تندورچی حضرات کو بلا وجہ تنگ نہ کیا جائے ۔ذکر اللہ مجاہد نے ان مطالبات کی بھر پور حمائت کرتے ہوئے کہا کہ حکومت سنجیدگی سے مزدوروں کے مطالبات پر عمل درآمد کرے تاکہ رمضان المبارک کے مقدس مہینہ میں عوام الناس کو ریلیف فراہم کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :