ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے بھارتی جاسوسوں کا راستہ روکنا ضروری ہے،سینیٹر سراج الحق

کلبھوشن کو نام نہاد عالمی عدالت کی خواہش پر چھوڑ دیا گیا تو ملکی سلامتی خطرات میں گھر ی رہے گی پاکستان ایک آزاد وخودمختار ملک ہے ،ہمیں اپنے فیصلے خود کرنے کی ضرورت ہے ۔ اقوام متحدہ کشمیر اور فلسطین میں مسلمانوں کے قتل عام پر ستر سال سے گونگی بہری اور اندھی بنی ہوئی ہے اور ایک بھارتی جاسوس کے لیے جاگ اٹھی ہے،جلسہ عام سے خطاب

منگل 23 مئی 2017 23:24

ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے بھارتی جاسوسوں کا راستہ روکنا ضروری ہے،سینیٹر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 مئی2017ء) امیر جماعت اسلامی پاکستا ن سینیٹر سراج الحق نے کہاہے کہ ملکی سلامتی کے تحفظ کے لیے بھارتی جاسوسوں کا راستہ روکنا ضروری ہے۔ اگر کلبھوشن کو نام نہاد عالمی عدالت کی خواہش پر چھوڑ دیا گیا تو ملکی سلامتی خطرات میں گھر ی رہے گی ۔پاکستان ایک آزاد وخودمختار ملک ہے ،ہمیں اپنے فیصلے خود کرنے کی ضرورت ہے ۔

اقوام متحدہ کشمیر اور فلسطین میں ہونے والے مسلمانوں کے قتل عام پر ستر سال سے گونگی بہری اور اندھی بنی ہوئی ہے اور ایک بھارتی جاسوس کے لیے جاگ اٹھی ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے لوئر دیر میں گرڈ سٹیشن اور جندول میں سڑک کے افتتاح کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جلسہ سے رکن قومی اسمبلی صاحبزادہ محمد یعقوب خان، رکن صوبائی اسمبلی اعزاز الملک افکاری اورسیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی امیر العظیم نے بھی خطاب کیا ۔

(جاری ہے)

سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بھارت پاکستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کے لیے آئے روز اپنے تخریب کار بھیجتا رہتاہے ۔ کلبھوشن کی گرفتاری کو حکومت او ر ادارے بڑی کامیابی قرار دے رہے تھے مگر اقوام متحدہ جو مسلمانوں کے معاملے میں ہمیشہ سوتی رہتی ہے ، کی ایک نام نہاد عدالت کے حکم پر پاکستان کی سلامتی سے کھیلنے والے دشمن کے جاسوس کو چھوڑ ا نہیں جاسکتا ۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ کلبھوشن کو فوری طور پر پھانسی پر لٹکایا جائے تاکہ آئندہ کسی بھارتی جاسوس کو بارڈر کراس کرنے کی جرأت نہ ہو ۔سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ بجٹ کے نام پر ملکی معاملات میں آئی ایم ایف اور ورلڈ بنک کی پالیسیاں لانچ کی جاتی ہیں اور صہیونی مالیاتی ادارے طے کرتے ہیں کہ پاکستان کو تعلیم ، صحت اور دیگر شعبوں میں کیا خرچ کرناہے اور سود کی مد میں ہمیں کتنا واپس کرنا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ بجلی ، گیس اور تیل کی قیمتیں آئی ایم ایف سے پوچھ کر مقرر کی جاتی ہیں یہی وجہ ہے کہ عوام سال بھر مہنگائی کی بھٹی میں جلتے رہتے ہیں اور حکمران پیسہ اکٹھا کر کے ورلڈ بنک اور آئی ایم ایف کا سودادا کرتے رہتے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ بزدل حکمرانوں نے پاکستان کو عالمی مالیاتی اداروں کا غلام بنادیا ہے مگر پاکستان کے غیور عوام اور شیر دل نوجوان اپنے عزت و وقار کی خاطر جان دینا جانتے ہیں ہم عزت کی زندگی اور عزت کی موت چاہتے ہیں ہم کسی عالمی اسٹیبلشمنٹ کے غلام نہیں ۔

جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات جماعت اسلامی امیر العظیم نے کہاہے کہ جماعت اسلامی عالمی اسلامی تحریکوں کی مدر تنظیم ہے اور نہ صرف عالم اسلام بلکہ ہم غیر مسلم ممالک میں بھی دعوت و تبلیغ کا کام کررہے ہیں یہی وجہ ہے کہ سراج الحق امیر جماعت اسلامی کے چاہنے والے لاکھوں لوگ دنیا کے ہر ملک میں موجود ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ ملک جمہوریت نہیں بلکہ چند بچے جمہوروں کا ٹولہ ہے جو سامراج کی ڈگڈی پر ناچ رہاہے ۔ ان بچے جمہوروں کے قدم بڑھائو ہم تمہارے ساتھ ہیں کے نعرے لگانے والے بالکے جب کوئی مصیبت پڑتی ہے تو ایسے غائب ہوتے ہیں کہ ڈھونڈنے سے نہیں ملتے۔