کراچی ڈویژن پاکستان ریلویز کے پورے نظام میں اساسی حیثیت رکھتا ہے ‘ خواجہ سعد رفیق

کراچی ڈویژن کو درپیش مسائل حل کرنے کے ساتھ اسے ریلوے کے نظام کا مضبوط ترین ،بہترین ڈویژن بھی بنانا ہے

منگل 23 مئی 2017 23:35

کراچی ڈویژن پاکستان ریلویز کے پورے نظام میں اساسی حیثیت رکھتا ہے ‘ ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) وفاقی وزیر ریلویز خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کراچی ڈویژن پاکستان ریلویز کے لیے اہم ترین ڈویژن ہے جو ریلوے کے پورے نظام میں اساسی حیثیت رکھتا ہے ، پاکستان ریلویز کو نہ صرف کراچی ڈویژن کو درپیش مسائل حل کرنے ہیں بلکہ اسے ریلوے کے نظام کا مضبوط ترین اور بہترین ڈویژن بھی بنانا ہے تاکہ کراچی ڈویژن ریلوے کی بحالی ، بہتری اور جد ت میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی ڈویژن کی کارکردگی اور درپیش مسائل و مشکلات کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اجلاس سے چیف ایگزیکٹوآفیسرپاکستان ریلویز محمدجاوید انور نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا ہم کراچی ڈویژن اور ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کو ملک بھر میں سے مضبوط ، فعال اور بااختیار بنانا چاہتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ڈویژنل سپرنٹنڈنٹ کراچی ڈویژن نثارمیمن نے بریفنگ دیتے ہوئے پپری مارشلنگ یارڈ، ڈیزل شیڈ، پورٹ قاسم اور بن قاسم کی اپ گریڈیشن کی تیزی سے تکمیل پر زور دیا۔

ڈی ایس کراچی ڈویژن نے ریلوے کی زمینوں پر قبضوں کے خاتمے پر بھی بریفنگ دی اور بتایا کہ سٹاف کی کمی کے باوجود آپریشنل معاملات کو بہتر انداز میں چلایا جارہا ہے ۔ وزیر ریلویز اورسی ای او نے ڈی ایس کراچی نثار میمن اور ان کی ٹیم کی کارکردگی کو سراہا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسرمحمدجاوید انور نے کہا کہ کراچی میں بہت بہتری آئی ہے تاہم ابھی مزید بہتری کے لیے ہمیں بہت کچھ کرنا ہے ۔

انہوں نے کہا مسافرٹرینوں ، فریٹ کارگو، کوئلے کی ترسیل او دیگرآپریشنز میں اضافے کی وجہ سے کراچی میں مختلف سہولتوں کی فراہی یقینی بنا نا وقت کی اہم ضرورت ہے۔اجلاس میں چیف ایگزیکٹوآفیسر محمدجاوید انور، ایڈیشنل جنرل منیجر انفراسٹرکچرہمایوں رشید، ایڈیشنل جنرل منیجرمکینکل انصربااللہ، ایڈیشنل جنرل منیجرٹریفک عبدالحمیدرازی، ڈی جی لیگل افیئرزطاہرپرویز، چیف انجینئراوپن لائن بشارت وحید، چیف مکینیکل انجینئر کیرج اینڈ ویگن عدنان شافع سمیت دیگر اعلی افسران نے شرکت کی۔