ٹانک میں گومل یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام کے لئے مناسب جگہ کی جلد نشاندہی کی جائے،مشتاق غنی

منگل 23 مئی 2017 21:25

ٹانک میں گومل یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام کے لئے مناسب جگہ کی جلد نشاندہی ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اعلیٰ تعلیم و اطلاعات مشتاق احمد غنی نے واضح کیا ہے کہ ایبٹ آباد میں بوئی کالج اور بکوٹ کالج کو نان ڈیویلپمنٹ بنیاد پر اگلے تعلیمی سیشن سے شروع کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ کو سمری جلد از جلد ارسال کی جائے تاکہ متعلقہ علاقوں میں تعلیمی سرگرمیاں شروع کی جاسکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز محکمہ اعلیٰ تعلیم میں ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایم این اے ڈاکٹر اظہر جدون،ایم پی اے محمود احمد خان،سیکرٹری اعلیٰ تعلیم ظفر علی شاہ،چیف پلاننگ آفیسر زمان خان اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔ اس موقع پر مشتاق غنی نے ہدایات جاری کیں کہ ٹانک میں گومل یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام کے لئے مناسب جگہ کی جلد نشاندہی کی جائے جبکہ اوگی اور بٹگرام میں ہزارہ یونیورسٹی کے کیمپس کے قیام اور بوئی گرلز مڈل سکول کی درجہ بلندی کے لئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔

(جاری ہے)

مشیر اعلیٰ تعلیم نے مزید ہدایات جاری کیں کہ ٹانک کالج میں پرنسپل کی تعیناتی جلد از جلد کی جائے اور شکایات موصول ہونے پر فوری ایکشن لیا جائے۔مزید برآں مشیر اعلیٰ تعلیم نے صوبے بھر کے کالجوں میں پرنسپلز کی کمی پوری کرنیکی ہدایات بھی جاری کیں جبکہ سرکاری عملہ کی غیر حاضری کی صورت میں ان کے خلاف فوری ایکشن لیا جائے۔انہوں نے کہا کہ وہ یونین کونسل بوئی اور بکوٹ ایبٹ آباد میں کالجوں کے جلد عملی آغاز کے لئے کوشاں ہیں تاکہ علاقہ کے طلبہ کو درپیش مسائل سے چھٹکارا مل سکے۔

مشتاق احمد غنی نے کہا کہ قومیں تعلیم و ہنر کی بنیاد پر ترقی کرتی ہیں یہی وجہ ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے اپنے دور اقتدار میں تعلیم کے شعبے پر اربوں روپے خرچ کئے ہیں جن کے تحت پہلے سے موجود تعلیمی اداروں کو فعال بنانے اور سہولتوں سے آراستہ کرنے کے ساتھ ساتھ نئے کالجوں اور سکولوں کے قیام،سٹاف کی کمی کو دور کرنے اور طلباء کو بہتر تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔اجلاس کے دوران محکمہ تعلیم کے منصوبوں کو جلد مکمل کرنے کے بارے میں آراء و تجاویز بھی پیش کی گئیں۔