منظور احمد وٹو کی چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین سے عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات

عوام باشعور ہیں پانامہ لیکس کی وجہ سے ملک میں کرپشن کے خلاف شعور اُجاگر ہوا ہے عوام حکمرانوں کو صاف ستھرا دیکھنا چاہتے ہیں

منگل 23 مئی 2017 21:18

منظور احمد وٹو کی چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین سے عوامی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی نائب صدر اور سابق وزیر اعلیٰ پنجاب میاں منظور احمد وٹو نے چیئرمین سپریم کونسل ڈاکٹر حسن محی الدین سے پاکستان عوامی تحریک کے مرکزی سیکرٹریٹ میں ملاقات کی اس موقع پر سیکرٹری جنرل پاکستان عوامی تحریک خرم نواز گنڈا پور اور دیگر بھی موجود تھے۔ ملاقات میں ملکی سیاسی صورت حال، وزیر اعظم کے ناکام دورئہ سعودیہ جس میں پاکستان کی سبکی ہوئی، اپوزیشن جماعتوں کے متوقع الائنس اور سانحہ ماڈل ٹائون پر انصاف کی عدم فراہمی پر گفت و شنید کی گئی۔

اس موقع پر میاں منظور احمد وٹو نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام کی امنگوں کی پاسداری نہیں کی انتخابی دعوے ریت کی دیوار ثابت ہوئے حکمرانوں کے کرپشن کے بڑے بڑے سکینڈل سامنے آئے سرمایہ کاری کو لانے کے لئے قوم کے قیمتی پیسوں کو بیرونی دوروں پر ضائع کیا گیا جبکہ وزیر اعظم کے اپنے بچے بیرون ملک کاروبار کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عوام باشعور ہیں پانامہ لیکس کی وجہ سے ملک میں کرپشن کے خلاف شعور اُجاگر ہوا ہے عوام حکمرانوں کو صاف ستھرا دیکھنا چاہتے ہیں جیسے مہذب دنیا کے عوام زندگی اپنی مرضی سے گزارتے ہیں لیکن حکمرانوں کو جھوٹ بولنے پر گھر کا رستہ دکھا دیتے ہیں۔

انہوں نے وزیر اعظم کے دورہ سعودی عرب کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ اس دورے سے پاکستان کو سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے اسلامی دنیا کے واحد ایٹمی پاور کے سرابراہ کو اہمیت نہیں دی گئی جس سے ملک و قوم کا وقار مجروع ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ ماڈل ٹائون، پانامہ لیکس حکمرانوں کے گلے کا طوق بن چکے ہیں۔ جس کے نتائج پر عوام کی نظر ہے اور اس کا منطقی انجام دیکھنا چاہتے ہیں۔