چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی جانب سے نام کے ساتھ ’’جسٹس ‘‘کا لفظ استعمال کرنے پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب

منگل 23 مئی 2017 21:18

چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کی جانب سے نام کے ساتھ ’’جسٹس ‘‘کا ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) لاہور ہائیکورٹ نے چیف الیکشن کمشنر آف پاکستان سردار محمد رضا کی جانب سے اپنے نام کے ساتھ ’’جسٹس ‘‘کا لفظ استعمال کرنے کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن سے جواب طلب کر لیا۔ گزشتہ روز چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ مسٹر جسٹس سید منصور علی شاہ نے درخواست پر سماعت کی ۔

(جاری ہے)

درخواست گزار محمود اختر نقوی کی جانب سے پرنسپل سیکرٹری وزیراعظم ،چیئرمین الیکشن کمیشن آف پاکستان دیگر کو فریق بناتے ہوئے کہا کہ چیف الیکشن کمیشن آف پاکستان ریٹائرڈ جج ہیں ،سابق جج سردار محمد رضا خود کو حاضر سروس جج لکھتے ہیں جبکہ قانون کے مطابق سردار محمد رضا خود کو حاضر سروس جج نہیں لکھ سکتے۔

سردار محمد رضا حاضر سروس جج کی حیثیت سے دستخط کرتے ہیں جو کہ غیر آئینی ہے لہٰذا معزز عدالت سے استدعا ہے کہ سردار احمد رضا کو جسٹس کا لفظ استعمال کرنے سے روکے۔جس پر فاضل عدالت نے الیکشن کمیشن سے 24مئی تک جواب طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔