پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے 60سے زائد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط

مخالفین تیزرفتار ترقی پرپریشان،انکے چہرے اداس اور مایوس،یہ مردہ حالت میں چلے گئے ہیں، پاکستان زندہ حالت میں ہے اور توانا ہے،شفافیت اورتیزرفتار ترقی سے مخالفین کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیں،کچے برتنوںمیںعزت کی دال روٹی ،اس مرغ بریانی سے کروڑ درجے بہتر ہے جو ذلت کیساتھ ہیرے جواہرات کے برتنوں میں ملے،سرمایہ کار پاکستان اور پنجاب میں سرمایہ کاری کریں ،ترقی و خوشحالی کے منصوبے لگائیں، سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ دیا جائے گا،شفافیت،رفتار اور معیارکی نئی تاریخ رقم کی جارہی ہے،سی پیک کے تمام منصوبوں کو بہترین سکیورٹی مہیا کی گئی ہے، سرمایہ کارمیرے ماسٹرز ہیں،آپ کی بھی وہی سکیورٹی ہوگی جو میری اپنی سکیورٹی ہے وزیراعلیٰ شہباز شریف کا پنجاب میںسرمایہ کاری کیلئے دوسرے بین الاقوامی سیمینار کے اختتامی سیشن سے خطاب

منگل 23 مئی 2017 21:10

پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے 60سے زائد معاہدوں اور مفاہمت ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 23 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کی 70سالہ تاریخ میںہزاروں نہیں بلکہ لاکھوں معاہدوںاورمفاہمت کی یادداشتوں پردستخط ہوتے رہے لیکن ماضی میںان معاہدوں اورمفاہمتی یادداشتوں پر عملدر آمد آٹے میں نمک کے برابر رہاہے تاہم اپریل2015ء میں چین کے صدر شی جن پنگ کے پاکستان کے دورہ کے دوران طے پانے والے معاہدوں پر جس تیزرفتاری سے عملدرآمد ہوا ہے، اس پر واشنگٹن سے ٹوکیو اور دہلی سے ماسکوتک پوری دنیا حیران ہے۔

وہ منگل کو پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے حوالے سے دوسرے بین الاقوامی سیمینار کے اختتامی سیشن سے خطاب کررہے تھے اس موقع پر پنجاب میں غیر ملکی سرمایہ کاری کے حوالے سے 60سے زائد معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے۔

(جاری ہے)

صوبائی وزراء،سفارتکار،چین اورترکی کے قونصل جنرل ،اراکین قومی و صوبائی اسمبلی،چیف سیکرٹری،دنیا کے 26سے زائد ممالک سے سرمایہ کاروں،صنعتکاروں کے علاوہ پاکستان بھر سے تاجروں اورصنعتکاروں نے سیمینار میں شرکت کی۔

وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں کے حوالے سے 2015ء میںمنعقدہ سیمینارمیں طے پانے والے معاہدوںاورمفاہمت کی یادداشتوں پر بھی تیزی سے عملدر آمد ہوا ہے اوران معاہدوں کے نتیجے میں پنجاب میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری ہورہی ہے ۔پہلے بین الاقوامی سیمینار کی طرح لاہور میںمنعقد ہونے والا دوسرا بین الاقوامی بزنس سیمینار بھی ہر لحاظ سے کامیاب رہاہے اوراس سیمینارمیں دنیا کے 26ممالک سے شریک ہونے والے سرمایہ کاروں اورصنعتکاروںنے پنجاب کے مختلف شعبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے کیے ہیں ۔

پاکستان کی ترقی اورخوشحالی کے مخالفین ملک کی تیزرفتار ترقی پر حیران اورپریشان ہیںاوران کے چہروں پر اداسی اور مایوسی ہے اوریہ عناصر ملک و قوم کی ترقی نہیں چاہتے، اسی لئے ان کے پیٹ میں مروڑ اٹھ رہے ہیںاوریہ پریشان ہیں کہ پاکستان میں وزیراعظم محمد نوازشریف کی قیادت میں ترقی اورخوشحالی کا انقلاب برپا ہوچکا ہے ،ملک کی تیزرفتار ترقی دیکھ کریہ عناصرمردہ حالت میں چلے گئے ہیںجبکہ پاکستان زندہ حالت میں ہے اور توانا ہے ، انشا ء اللہ پاکستان اسی رفتار سے آگے بڑھے گااور ترقی کرے گااوردنیا میں اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گا۔

عزت کی دال روٹی جو کچے برتنوں میں ہو، وہ اس مرغی اوربریانی سے کروڑ ہا درجے بہتر ہے جو ذلت کے ساتھ ہیرے اورجواہرات کے برتنوں میں ملے،اسی سبق کو پلے باندھ کر ہمیں آگے بڑھنا ہے اورمحنت سے کام کرتے ہوئے کشکول گدائی توڑنا ہے۔انشاء اللہ وہ دن ضرور آئے گا جب کشکول ٹوٹے گا اورہاتھ پھیلانے کا کلچر دفن ہوگا۔پاکستان دنیا بھر میں عزت و وقار کامقام حاصل کرے گا۔میری ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں سے اپیل ہے کہ آپ پاکستان اور پنجاب میں سرمایہ کاری کریں اوریہاں ترقی و خوشحالی کے منصوبے لگائیں، اپنا منافع کمائیں اور عوام کو خدمات فراہم کریں،آپ کی سرمایہ کاری کو مکمل تحفظ دیا جائے گا۔