وزیراعلیٰ پنجاب سے بین الاقوامی بزنس سیمینار میں شریک غیرملکی کمپنیوںاورسرمایہ کار گروپوں کے سربراہان کی الگ الگ ملاقاتیں،ْ مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں کا سرمایہ کاری پر رضامندی کا اظہار،ْ سرمایہ کاروں کی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ،ْپاکستان آپ کا دوسرا گھر ہے، کھلے دل سے سرمایہ کاری کریں،خدمات کو بہتر بنائیں اور منافع کمائیں،شہبازشریف

منگل 23 مئی 2017 21:10

وزیراعلیٰ پنجاب سے بین الاقوامی بزنس سیمینار میں شریک غیرملکی کمپنیوںاورسرمایہ ..
لاہور۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف سے منگل کے روز یہاں مقامی ہوٹل کے بزنس سینٹر میں بین الاقوامی بزنس سیمینار میں شریک غیرملکی کمپنیوںاورسرمایہ کار گروپوں کے سربراہان نے الگ الگ ملاقاتیں کیں ،جس میں پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے حوالے سے تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

چین، فرانس، ترکی،جرمنی،جاپان،جنوبی کوریا،برطانیہ اور دیگر مختلف ممالک کے سرمایہ کاروں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری پر رضامندی کا اظہار کیا ہے۔ غیرملکی سرمایہ کاروں نے توانائی، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، صحت، کم لاگت ہائوسنگ سکیموں،صنعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی ظاہر کی ہے۔غیرملکی سرمایہ کاروں نے پنجاب میں کاروباری مواقعوں کے موضوع پر بین الاقوامی سیمینار کے کامیاب انعقاد پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آج ’’شہباز سپیڈ ‘‘کا چرچا ہر زبان پر ہے۔

(جاری ہے)

ترقیاتی منصوبوں میں ’’شہبازسپیڈ‘‘ نے پاکستان کی تیز رفتار اقتصادی ترقی کی بنیاد رکھ دی ہے اور پنجاب کی تیز رفتار ترقی نے ہمیں یہاں سرمایہ کاری پر راغب کیا ہے۔ غیرملکی کمپنیوںاور سرمایہ کار گروپوں کے سربراہوں نے پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے بہترین ماحول فراہم کرنے پر وزیراعلیٰ شہبازشریف کے اقدامات کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے پنجاب کو ترقی کے لحاظ سے صف اول کا صوبہ بنا دیا ہے اور ہم نے پنجاب آ کر ’’شہباز سپیڈ‘‘ کو اپنی آنکھوں سے دیکھا ہے،بلاشبہ صوبے میں شفافیت کا کریڈٹ آپ کی متحرک قیادت کو جاتا ہے، آپ کے موثر اقدامات کی بدولت پنجاب سرمایہ کاروں کیلئے جنت بن چکا ہے،ہم پنجاب میں سرمایہ کاری کیلئے تیار ہیں اور سی پیک اور نان سی پیک منصوبوں میں سرمایہ کاری کے خواہاں ہیں۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے غیرملکی کمپنیوں اورسرمایہ کار گروپوںکے سربراہان سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ کار ہمارے لئے قابل احترام ہیں، پنجاب سرمایہ کاری کیلئے بہترین صوبہ بن کر ابھرا ہے، توانائی، انفراسٹرکچر، انڈسٹریل زونز، پارکنگ کی سہولتوں،سالڈ ویسٹ مینجمنٹ اور دیگر شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرتے ہیں،پاکستان بالخصوص پنجاب میں غیرملکی سرمایہ کاری کی بڑی گنجائش موجود ہے۔

چین اور ترکی کی بے شمار کمپنیاں پنجاب حکومت کیساتھ مل کر کام کر رہی ہیں،آپ دل کھول کر سرمایہ کاری کریں، ہر طرح کی سہولتیں دیں گے۔ آپ سرمایہ کاری کرکے خدمات کو بہتر بنائیں اور منافع کمائیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی پیک نے بھی مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا کئے ہیں،آپ پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں اور تعاون کومزید بڑھائیں۔پنجاب حکومت سرمایہ کاروں کو تمام ضروری سہولتیں مہیا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان آپ کا دوسرا گھر ہے، یہاں کھلے دل سے سرمایہ کاری کریں،آپ کے سرمائے کو ہر طرح کا تحفظ دیا جائے گا۔