ڈویژنل ٹاسک فورس اور ڈویژنل ایگری کلچر ایڈوائزری کمیٹی کااجلاس

منگل 23 مئی 2017 20:52

ملتان۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء)کمشنر ملتان ڈویژن بلال احمد بٹ کی زیر صدارت گزشتہ روز ڈویژنل ٹاسک فورس اور ڈویژنل ایگری کلچر ایڈوائزری کمیٹیوں کے اجلاس منعقد ہوئے۔ اس موقع پر کھاد اور زرعی ادویات2016-17کا جائزہ لیا گیاجبکہ غیر معیار ی نمونہ جات والے ڈیلروں کے خلاف کارروائی اور ان کے خلاف مقدمات میں پیش رفت کی صورت حال پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اس موقع پر کمشنر نے کہا کہ غیر معیاری کھاد اور جعلی زرعی ادویات فروخت کرنے والے مافیا کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ یہ ہمارے معاشرے کا ناسور ہیں‘ ہماری ٹاسک فورسز اور زراعت افسران ان کے خلاف مہم جاری رکھے ہوئے ہے۔ ڈائریکٹر زراعت ملتان رانا منیر احمد نے اس موقع پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ کپاس کی کاشت کا ہمارا 80فیصد ٹارگٹ مکمل ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

کپاس کی فصل اہم ہے جس کا ہماری معیشت میں بڑا کردار ہے‘ ہماری تمام تر توجہ اس کی کاشت پر مرکوزہے۔کمشنر کو اس موقع پر کاشتکاروں کے نمائندوں نے بتایا کہ انہیں نہروں میں شیڈول کے مطابق پانی فراہم نہیں کیا جارہا۔ کم پانی اور لوڈشیڈنگ سے ان کی کپاس کی فصل کی کاشت متاثر ہورہی ہے جس پر کمشنر ملتان نے میپکو اورانہار افسران کو ہدایت کی کہ دیہی علاقوں میں 4گھنٹے مسلسل بجلی فراہم کی جائے تاکہ کاشتکار مسلسل ٹیوب ویل چلا کر پانی کی کمی کو پورا کرسکیں۔

انہوں نے کہا کہ انہار افسران بھی شیڈول کے مطابق نہری پانی کی فراہمی کو یقینی بنائیں‘ اس بارے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ڈویژن بھر کے ڈپٹی کمشنرز ہر15دن بعد کاشتکاروں سے میٹنگز کو بھی یقینی بنائیں تاکہ ان کے مسائل بھی ترجیحی بنیادوں پر حل کئے جاسکیں۔ اس موقع پر آر پی او ملتان سلطان اعظم تیموری، چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز، پراسیکیوٹرز، ڈویژنل اینڈ ڈسٹرکٹ انہار و زراعت کے افسران سمیت کاشتکاروں کے نمائندوں بھی موجود تھے۔