اراضی سنٹر میں جدید سوفٹ ویئر متعارف کرادیاگیا ،انور رشید چوہان

منگل 23 مئی 2017 20:52

ساہیوال۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء)اسسٹنٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈ انور رشید چوہان نے کہاہے کہ اراضی سنٹر میں جدید سوفٹ ویئر متعارف کرادیاگیا ہے جس سے عوام کو مزید سہولیات میسر ہونگی۔ ایک ملاقات میں انہوںنے کہاکہ حکومت پنجاب نے اراضی سنٹرز میں جدید سوفٹ ویئر متعارف کرایا جس سے کرپشن کا 100فیصد خاتمہ یقینی بنادیاگیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ سوفٹ ویئر سے ٹوکن سسٹم کا آغاز کیاگیا جس سے اراضی سنٹر میں فرد‘ وارثتی انتقال ‘درستگی نام یا دیگر کاغذات کے حصول کیلئے آنیوالے تمام سائلین کو ٹوکن دیکر سنٹر میں داخل کیا جائیگا جس سے جائیدا د کا اصل مالک ہی فائدہ اٹھا سکے گا اور اس طرح ٹوکن سسٹم کے نظام سے سنٹر میں آنیوالے ٹائوٹ مافیا کا بھی خاتمہ ہو جائے گا ۔انہوںنے کہاکہ حکومت کی طرف سے اراضی سنٹر عوام کی جائیداد وں کومحفو ظ کرنے کا بہت بڑا کامیاب منصوبہ ہے جس سے روزانہ ہزاروں افراد ریلیف حاصل کررہے ہیں ۔