وزیراعظم محمدنوازشریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کر نے کے بعد مدینہ منورہ سے اسلام آباد کیلئے روانہ،کنگ عبدالعزیز ایئربیس پر مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز نے رخصت کیا

منگل 23 مئی 2017 20:50

وزیراعظم محمدنوازشریف سعودی عرب کا دورہ مکمل کر نے کے بعد مدینہ منورہ ..
مدینہ منورہ ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) وزیراعظم محمدنوازشریف سعودی عرب کا تین روزہ دورہ مکمل کر نے کے بعد منگل کو مدینہ منورہ سے اسلام آباد کیلئے روانہ ہوگئے۔ کنگ عبدالعزیز ایئربیس پر مدینہ کے گورنر شہزادہ فیصل بن سلمان بن عبدالعزیز اور پاکستانی سفارتخانہ کے اعلیٰ حکام نے وزیراعظم کو رخصت کیا۔ گورنر مدینہ سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات آزمودہ ہیں اور وقت گزرنے کے ساتھ مضبوط ہوئے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ ہم سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کی بہت قدر کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان ان تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کا خواہاں ہے۔ ایوان وزیراعظم کی طرف سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر گورنر مدینہ نے کہا کہ ہم پاکستان کے ساتھ تعلقات کا بہت زیادہ احترام کرتے ہیں، یہ گہرے تاریخی و مذہبی روابط اور مشترکہ اقدار کے ساتھ ایک بردار ملک ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کا کردار قابل تحسین ہے۔ یاد رہے کہ وزیراعظم نے اپنے تین روزہ دورہ کے دوران پہلی عرب اسلامی امریکہ سربراہ کانفرنس میں شرکت کی۔ انہوں نے مدینہ منورہ میں روضہ رسول ؐ پر حاضری بھی دی۔ وزیراعظم نے ریاض الجنہ میں نوافل ادا کئے اور ملکی ترقی و خوشحالی کیلئے دعا بھی کی۔

متعلقہ عنوان :