․بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ حساس معاملہ ہے، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی میڈیا سے گفتگو

منگل 23 مئی 2017 20:35

․بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ حساس معاملہ ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کا عالمی عدالت انصاف میں مقدمہ حساس معاملہ ہے، اس حوالہ سے قومی سلامتی کمیٹی کا دوبارہ اجلاس 30 جولائی کو ہو گا جس میں 8 جون کو پاکستان کے دوبارہ عالمی عدالت انصاف میں جانے کے حوالہ سے ٹیم کی تیاریوں کے حوالہ سے غور کیا جائے گا۔

منگل کو قومی سلامتی سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اجلاس میں پارلیمنٹ کی قومی سلامتی کمیٹی کے ممبران نے اجلاس میں کلبھوشن یادیو کے معاملہ پر تنقیدی سوالات بھی اٹھائے۔ ممبران نے کہا کہ جو کچھ ہوا اس سے یہ تاثر پیدا ہوا کہ یہ سب کچھ پاکستان کے مفاد کے منافی ہے، ہمیں اس کے جواب کی ضرورت ہے، اس پر اٹارنی جنرل اور سیکرٹری خارجہ نے بریفنگ دی اور ممبران کے سوالات کے جواب دیئے۔

(جاری ہے)

سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ 8 جون کو بھرپور تیاری کے ساتھ عالمی عدالت انصاف میں پیش ہوں گے، اس حوالہ سے کمیٹی نے دوبارہ 30 مئی کو اجلاس منعقد کرنے کا فیصلہ کیا جس میں کلبھوشن یادیو کے معاملہ پر عالمی عدالت انصاف میں جانے کیلئے ممبران کی تجاویز اور کیس سے متعلق تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی کے ممبران نے سیاست سے بالاتر ہو کر اس معاملہ کو قومی معاملہ سمجھا کیونکہ سب چاہتے ہیں کہ پاکستان کو یہ کیس جیتنا چاہئے۔