موجودہ حالات میں پرو گروتھ بجٹ ملک کی ضرورت ہے، برآمدات، سرمایہ کاری اور ترسیلات کے فروغ کیلئے خصوصی اقدمات کئے جائیں ، تمام برآمدی شعبوں کو زیرو ریٹنگ کی سہولت دی جائے،شاہد رشید بٹ

منگل 23 مئی 2017 20:35

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 مئی2017ء) اسلام آباد چیمبر آف سمال ٹریڈرز کے سرپرست شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں پرو گروتھ بجٹ ملک کی ضرورت ہے، برآمدات، سرمایہ کاری اور ترسیلات کے فروغ کیلئے خصوصی اقدمات کئے جائیں جبکہ تمام برآمدی شعبوں کو زیرو ریٹنگ کی سہولت دی جائے۔منگل کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ چھوٹے تاجروں کی بجٹ سفارشات میں تمام برآمدی شعبوں کو زیرو ریٹنگ کی سہولت دینا، ایکسپورٹ پیکج پر فوری عملدرآمد، درآمدات کی حوصلہ شکنی اور صنعتی پھیلائو کیلئے عملی اقدامات شامل ہیں۔

ان اقدامات سے ملک میں نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع بڑھانے میں مدد ملے گی۔ انھوں نے کہا کہ ہر قسم کے پلانٹس اور مشینری کی درآمد پر تمام ٹیکس اور ڈیوٹیاں فوری طور پر ختم کی جائیں اور مقامی صنعت کو وہی مراعات دی جائیں جو اقتصادی راہداری کے تحت قائم ہونے والی صنعتوں کو ملیں گی تاکہ کسی کی حق تلفی نہ ہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اگلے پانچ سال تک ملک کے کسی بھی حصہ میں لگنے والی صنعتوں کو ٹیکس فری قرار دیاجائے جبکہ ٹیکس چوری، سمگلنگ، انڈر انسوئسنگ اورجعلی ریفنڈ مافیا کے خلاف سخت اقدامات کئے جائیں۔

شاہد رشید بٹ نے کہا کہ زرعی قرضوں کی تقسیم کو منصفانہ بنایا جائے اور غیر ضروری زرعی درآمدات کا سدباب کیا جائے۔ انھوں نے کہا کہ توانائی کے متبادل زرائع اور پن بجلی کے منصوبوں پر توجہ بڑھائی جائے جبکہ ملک میں تیل اور گیس کی تلاش کا کام بھی تیز کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :