چیئرمین نیب سے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات، ایگزیکٹ سکینڈل اور میڈیا چینلوں کو بیرون ملک سے مشکوک، ٹیکس کے بغیر اور غیر مصدقہ فنڈز فراہمی پر تشویش کااظہار

میڈیا بد عنوانی اور رشوت ستانی کے خلاف اپنا کردار ادا کرے،قمر زمان چوہدری ملکی قوانین کی خلاف ورزی اور ملکی تشخص کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی چیز پر سمجھوتا نہیں کیاجائیگا، وفد سے گفتگو

منگل 23 مئی 2017 20:31

چیئرمین نیب سے پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے وفد کی ملاقات، ایگزیکٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) قومی احتساب بیورو نیب کے چیئر مین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ میڈیا بد عنوانی اور رشوت ستانی کے خلاف اپنا کردار ادا کرے، میڈیا کو قومی مفادات کے استحکام اور سماجی و مذہبی اقدار کے تحفظ کے لئے اپنی مؤثر قوت کو استعمال کرتے ہوئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب ہیڈکوارٹر میں پاکستان براڈ کاسٹرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین میاں عامر محمودکی سربراہی میں سلطان لاکھانی ، میر ابراہیم رحمٰن اور شکیل مسعود حسین پر مشتمل اعلیٰ عہدیداروں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ملاقات کے دوران قومی اور سلامتی کے مفادات کے تحفظ کے حوالے سے میڈیا کے کردار ، قومی اہمیت کے امور اور ایگزیکٹ کیس پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

وفد سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے میڈیا ہائوسز کے سربراہوں سے کہا کہ وہ قومی مفادات کو مستحکم کرنے کے لئے سماجی اور مذہبی مفادات کے تحفظ کے لئے میڈیا کی بھرپور طاقت استعمال کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں اور اپنے آپ کو بد عنوانی اور رشوت ستانی کے خلاف دفاعی دیوار کے طور پر کام کرے۔

وفد نے ایگزیکٹ سکینڈل پر اپنی تشویش کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ کچھ میڈیا چینلوں کو بیرون ملک سے مشکوک، ٹیکس کے بغیر اور غیر مصدقہ فنڈز فراہم کئے جارہے ہیں۔ چیئرمین نیب نے کہاکہ ملکی قوانین کی خلاف ورزی اور ملکی تشخص کو نقصان پہنچانے والی کسی بھی چیز پر سمجھوتا نہیں کیاجائے گا۔ انہوں نے کہاکہ شفاف اور کھلے انداز میں آزاد میڈیا کی ترقی وخوشحالی یقینی بنانے کے لئے کوششیں جاری ہیں۔