سکولوں سے باہر طلباء کی تعداد کو صفر پر لانا ہمارا ہدف ہے، تہذیب و تمدن انسانی زندگی کا اہم جزو ہے ،ْانجینئر بلیغ الرحمن

تین سالوں کے دوران سکولوں سے باہر طلباء کی تعداد میں نمایاں کمی آئی ،ْ اس کو صفر پر لانا ہمارا ہدف ہے ،ْ وزیر مملکت

منگل 23 مئی 2017 20:28

سکولوں سے باہر طلباء کی تعداد کو صفر پر لانا ہمارا ہدف ہے، تہذیب و تمدن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء)وزیر مملکت وفاقی تعلیم و تربیت انجینئر محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ سکولوں سے باہر طلباء کی تعداد کو صفر پر لانا ہمارا ہدف ہے، تہذیب و تمدن انسانی زندگی کا اہم جزو ہے، دوسروں کی تہذیب و تمدن سے بھی سیکھنا چاہئے۔ وہ منگل کو پاکستان مین پاور انسٹی ٹیوٹ میں منعقدہ بچوں کو ایوارڈ دینے کی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

اس موقع پر انہوں نے کہا کہ تعلیم کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے، گذشتہ تین سالوں کے دوران سکولوں سے باہر طلباء کی تعداد میں نمایاں کمی آئی اور اس کو صفر پر لانا ہمارا ہدف ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو شکست دی جا چکی ہے، اب ہمارے بچے محفوظ سکولوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔ انہوں نے بچوں پر تحقیق اور علم کے حصول میں کوششیں کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے نوجوان باصلاحیت ہیں اور انہیں دیکھتے ہوئے ہمیں اپنا مستقبل روشن دکھائی دے رہا ہے۔

(جاری ہے)

بلیغ الرحمن نے کہا کہ ہم نے اپنے بچوں کو عالمی شہری بنانا ہے، تہذیب و تمدن زندگی کا اہم حصہ ہے، دوسروں کی تہذیب و تمدن کی عزت کرنی چاہئے اور اس سے اچھی چیزیں سیکھنی چاہئیں۔ انہوں نے یونیسکو کی تعلیم کے حوالہ سے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں 263 سکول یونیسکو کے ممبر ہیں جو کہ ثقافتی تنوع سے سیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دیگر سکولوں کو بھی اس کا حصہ بننا چاہئے۔

اس موقع پر انہوں نے جاپان میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والی طالبہ رشیدہ کو مبارکباد بھی دی۔ وفاقی وزارت تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے سیکرٹری شعیب منیب نے بچوں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ بچے پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کریں گے۔ اس موقع پر وزیر مملکت نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء کو ایوارڈز سے نوازا۔