حکومت آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے انکی مشکلات میں مزید اضافہ کرنے کی پالیسیوں پر گامزن ہے‘مخدوم سیداحمد محمو د

جنوبی پنجاب کو محرومیوں سے دور چار کرنے والے لیگی حکمران وفاق پاکستان کو کمزور کرنے کے در پے ہیں،پنجاب میں گڈ گورننس اور بہتری کا ڈھنڈورا پیٹنے والے پیپلز پارٹی اور اسکی قیادت سے خوفزدہ ہیں‘سابق گورنر پنجاب

منگل 23 مئی 2017 19:59

حکومت آئندہ بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کی بجائے انکی مشکلات میں مزید ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک بھر کے پسے ہوئے طبقات کی آواز اور نمائندہ جماعت ہے جس نے ہمیشہ عوامی حقوق کے تحفظ کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا اور آئندہ بھی کرتی رہے گی،جنوبی پنجاب میں پارٹی تنظیم سازی کا عمل مکمل ہونے پر نئے عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ نئے عہدیداران اپنے اپنے علاقوں اور حلقوں میں پارٹی کو مضبوط اور فعال بنانے میں اپنا کلیدی کردار ادا کرینگے اب وہ دن زیادہ دور نہیں ہم 2018 کے عام انتخابات میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں جنوبی پنجاب میں نئے عزم اور بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے ۔

(جاری ہے)

ان خیالا ت کااظہارانہوںنے جنوبی پنجاب کے عہدیداروں و کارکنوں کے ایک وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہاکہ جنوبی پنجاب کو محرومیوں سے دور چار کرنے والے لیگی حکمران وفاق پاکستان کو کمزور کرنے کے در پے ہیں عوام ان لیٹرے حکمرانوں کے خلا ف اٹھ کھڑے ہوئے تو وہ انہیں اس مرتبہ بھاگنے کا موقع بھی نہیں دینگے ۔انہوں نے کہا کہ میاں برادران سامراجی ہندو کے کئی پتلی آلہ کار ہیں۔

اگر یہ پاکستان کے ہمدرد اور مخلص ہوئے تو ملک بھر میں یکساں سرمایہ کاری اور ترقیاتی کام کرتے تاکہ کسی علاقے کے عوام میں احساس محرومی نہ پیدا ہوتا بہاولپور ، رحیم یار خان، راجن پور اور لیہ جیسے پسماندہ اضلاع کے عوام وفاق پرستی کی بجائے قوم پرستی کی جانب راغب ہو رہے ہیںجس کے ذمہ دارمیاں برادران ہیں۔ ایک جنوبی پنجاب کے علاقے کی سڑکیں ٹوٹی ہوئی ہیں اسکولوں کی حالت نا گفتہ بہ ہے بنیادی صحت کے مراکز کی تباہ حالی سمیت ٹیچنگ ہسپتالوں میں بھی غریب عوام کا کوئی پرسان حال نہیں۔

جبکہ جنوبی پنجاب کے کسان نہروں میں پانی نہ ہونے کی وجہ سے خشک سالی کا شکار ہو رہے ہیں۔ فصلوں کو پانی کی کمی کا نقصان وسیب کے غریب کسان کو برداشت کرنا پڑر ہا ہے گندم کی کٹائی مکمل ہونے کے باوجود آج بھی کسان بادانہ کے لیے پریشان ہیں ۔حکومت آئندہ مالی سال کے بجٹ میں اخراجات کم کرنے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے انکی مشکلات میں مزید اضافہ اور انہیں زندہ درگور کرنے کی پالیسیوں پر گامزن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب میں گڈ گورننس اور بہتری کا ڈھنڈورا پیٹنے والے پیپلز پارٹی اور اسکی قیادت سے خوفزدہ ہیں۔