شفیق آباد میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ، 14سالہ نوجوان جاں بحق ،تین شدید زخمی

اندھا دھند فائرنگ کا تبادلہ ہوا ، افغانی گروپ کی فائرنگ سے پنجابی گروپ کا نوجوان موقع پر دم توڑ گیا ، علاقہ میں خوف و ہراس نوجوان کی ہلاکت پر مشتعل افراد نے ٹائر جلا کر بند روڈ کو بند کر کے شدید احتجاج کیا، پولیس کی بھاری نفری حالت پر قابو پانے کیلئے پہنچ گئی

منگل 23 مئی 2017 19:48

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 مئی2017ء) لاہور کے علاقہ شفیق آباد میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں 14سالہ نوجوان جاں بحق اور تین شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا، نوجوان کی ہلاکت پر مشتعل افراد کی بڑی تعداد نے ٹائر جلا کر بند روڈ کو دونوں اطراف سے بند کر کے شدید احتجاج کیا اور ٹریفک کا نظام درہم برہم کر دیا، پولیس کی بھاری نفری حالت پر قابو پانے کے لئے پہنچ گئی۔

بتایا گیا ہے کہ بندروڈ کے علاقہ شفیق آباد میں افغانی گروپ اور پنجابی گروپ کے درمیان کسی بات پر جھگڑا ہو گیا جس کے بعد دونوں گروپوں کی جانب سے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کی گئی ۔فائرنگ کے نتیجے میں پنجابی گروپ کا 14سالہ نوجوان گولی لگنے سے موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا جبکہ تین افراد شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کے لئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

واقعے سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا ۔ اطلاع ملنے پر پولیس کی بھاری نفری علاقہ میں پہنچ گئی اور حالات پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن نوجوان کی ہلاکت پر بڑی تعداد میں پنجابی گروپ کے مشتعل افراد ڈنڈے اٹھا کر بند روڈ پر آگئے اور ٹائر جلا کر روڈ کو دونوں اطراف سے بند کر دیا جس کے باعث ٹریفک کا نظام درہم برہم ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں ۔ ہلاک نوجوان کے ورثاء کا کہنا تھا کہ افغان گروپ کی فائرنگ سے نوجوان جاں بحق ہوا جب تک ملزمان گرفتار نہیں ہوتے اور ہمیں انصاف نہیں ملے گا تب تک احتجاج جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر پولیس حکام مظاہرین کو یقین دہانی کروائی کہ ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا لیکن مظاہرین نے احتجاج جاری رکھا ۔